اسلام آباد (مسائل نیوز) پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید الفطر 3 مئی کو ہو گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں عیدالفطر 3 مئی بروز منگل کو ہونے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس کے بعد باقاعدہ اعلان کیا گیا کہ پاکستان میں کسی بھی مصدقہ ذرائع سے شوال کے چاند کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان میں عیدالفطر 3 مئی بروز منگل 2022 کو ہو گئی۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب اور سندھ کی زونل رویت ہلال کمیٹیوں نے شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا ہے- پنجاب کی زونل کمیٹی کا اجلاس لاہور اور سندھ کی زونل کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا جس میں چاند دیکھے جانے کا جائزہ لیا گیا۔
- Advertisement -
سندھ اور پنجاب کی زونل کمیٹیوں نے اجلاس کے بعد چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا۔ لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے عہدیداروں کا کہنا تھاکہ پنجاب میں چاند نظرآنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
سندھ زونل کمیٹی کا کہنا تھاکہ کراچی سمیت صوبے بھر میں شوال کا چاند نظرنہیں آیا۔ کمیٹیوں کا کہنا تھاکہ چاند دیکھنے سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے بھی کہا تھا کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ، عید الفطر 3 مئی منگل کے روز ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا جس کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے تصدیق کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت چاندکی عمر 17 گھنٹے ہے اور چاند دکھائی دینے کیلئے اس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔