غیر قانونی اور دونمبر رکشوں کے تدارک کے لیے تمام رکشوں کو کمپیوٹرائزڈ کئے جارہے ہیں
کوئٹہّ(مسائل نیوز) سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن منظور احمد پنہور کی ہدایت پر سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ،ٹریفک پولیس اور ڈسٹرکٹ پولیس نے غیر قانونی اور دونمبر رکشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پانچ رکشے بند جبکہ کم عمر اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس پر 37رکشوں کو چالان بھی کئے۔یہ کارروائی ایس پی سٹی ٹریفک ملک جاوید اور سپرٹنڈنٹ آر ٹی اے حمید اللہ محمد حسنی کی نگرانی میں میزان چوک پر کی گئی۔اس موقع پر ان کا کہنا ہے کہ کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ،ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ بہرام خان مندوخیل اور سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ ڈویژن منظور احمد پہنور کی خصوصی ہدایت پر شہر بھر میں غیر قانونی اور دونمبر رکشوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کے مسائل اور غیر قانونی رکشوں سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے رکشہ مالکان کو ہدایت کی کہ رکشے کے اصل کاغذات ،پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس ہمراہ رکھیں تاکہ دوران چیکنگ عملے کو پیش کیا جاسکے اس کے علاؤہ اپنے کاغذات ،پرمٹ اور لائسنس کی تجدیدی متعلقہ دفاتر سے جلد از جلد کریں تاکہ کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑا ۔انہوں نے کہاکہ غیر قانونی اور دونمبر رکشوں کے تدارک کے لیے تمام رکشوں کو کمپیوٹرائزڈ کئے جارہے ہیں اس حوالے سے پہلے مرحلے میں پرانے اور ناقابل استعمال پرمٹوں کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہاہے اس سلسلے میں رکشہ مالکان اپنے پرانے ٹو اسٹروک والے پرمٹوں کو جلداز جلد کمپیوٹرائزڈ پرمٹ میں تبدیل کریں تاکہ غیر قانونی اور دونمبر رکشوں کے خلاف کارروائی مزید موثر ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ جن رکشوں کے پرمٹ کی تجدیدی نہیں ہوئی وہ جلد از جلد اپنے پرمٹ کی تجدیدی کریں بصورت دیگر کارروائی میں رکشہ بند اور بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ شہر میں غیر قانونی اور دونمبر رکشوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی ۔