الیکشن میں کھڑا نہیں ہوں گا،فی الحال سیاست میں حصہ نہیں لوں گا
لاہور(مسائل نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کے نواسے جنید صفدر کا کہنا ہے کہ وہ الیکشن میں کھڑے نہیں ہوں گے اور فی الحال سیاست میں حصہ نہیں لیں گے۔انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو میں وضاحت کی کہ وہ سیاست میں شامل نہیں ہوں گے کیونکہ وہ برطانیہ میں اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد کل وقتی پاکستان میں مقیم ہوں گے۔
فی الحال پاکستان کی سیاست میں دلچسپی نہیں رکھتے۔جنید صفدر صرف اپنی والدہ اور خاندان کی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے پاکستان منتقل ہوئےاور اپنی والدہ کے کام اور خاندانی معاملات میں ان کی مدد کریں گے تاہم سیاست میں حصہ نہیں لیں گے۔گذشتہ روز بتایا گیا تھا کہ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر اعوان نے مستقبل میں آباد ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
جنید صفدر اعوان اپنی اہلیہ عائشہ کے ہمراہ جمعہ کو دوحا سے پاکستان پہنچیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جنید صفدر اعوان مریم نواز کی سیاست میں مدد کرنا چاہتے ہیں۔مریم نواز کو حال ہی میں پارٹی میں اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ مریم نواز شریف جنوری کے تیسرے ہفتے میں وطن واپس آئیں گی۔ بدھ کوٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے مریم نواز کی واپسی کا وقت بتاتے ہوئے کہا کہ مریم نواز سرجری کیلئے لندن سے جنیوا روانہ ہوگئی ہیں، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف بھی مریم نواز کے ساتھ ہیں، مریم نواز جنوری کے تیسرے ہفتے میں وطن واپس پہنچ کر پارٹی کی چیف آرگنائزر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
علاوہ ازیں ن لیگ کی کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی انتظامی عہدوں کی کارکردگی رپورٹ طلب کر لی ۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز شریف (ن) لیگ کی چیف آرگنائزر کے طور پر تمام پارٹی انتظامی عہدوں کی کارکردگی کو دیکھ کر اہم فیصلے کریں گی۔