تحریک انصاف کا قومی اسمبلی سے استعفے منظور کروانے کا فیصلہ
لاہور(مسائل نیوز) تحریک انصاف نے حکومت پر دباؤ بڑھانے کیلئے قومی اسمبلی سے استعفے منظور کروانے کا فیصلہ کرلیا۔تحریک انصاف کا اعلٰی سطح اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ اے آر وائے نیوز کی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی پر توجہ دی جائے گی۔
ارکان قومی اسمبلی میں اکٹھے جائیں گے اور استعفے منظور کروانے کیلئے مشترکہ طور پر اسپیکر قومی اسمبلی کو کہا جائے گا۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے دونوں اسمبلیاں ایک ہی دن تحلیل کرنے کی تجویز دے دی ، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیرصدارت سینئر قیادت کے اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ اب مزید مشاورت نہیں بلکہ اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا جائے گا، اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر پنجاب میں اتحادی حکومت کی ایک ہی رائے ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت سینئر قیادت کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سینئر رہنماوٴں سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر رائے لی گئی۔ اجلاس میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کیلئے قانونی نکات پر بھی مشاورت کی گئی، بابراعوان نے آئینی و قانونی پوزیشن سے آگاہ کیا۔خیبرپختونخوا اور پنجاب کی اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان ہفتے کے روز متوقع ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں اسمبلیاں ایک ہی روز تحلیل کی جائیں۔اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں ایک ہی دن تحلیل کرنے کی تجویز دی گئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمرا ن خان نے کہا کہ اب مزید مشاورت نہیں بلکہ اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا جائے گا، اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر پنجاب میں اتحادی حکومت کی ایک ہی رائے ہے۔عمران خان تمام ڈیژنوں کے ارکان اسمبلی سے مشاورت مکمل کرچکے ہیں،تمام ارکان اسمبلی نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے فیصلے کی توثیق کی۔ بعد ازاں عمران خان نے کہا کہ 17 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیں گے جس کے بعد 70 فیصد پاکستان الیکشن کی حالت میں چلا جائے گا۔