اسلام آباد (مسائل نیوز) وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاست الیکشن میں ختم ہو جائے گی۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساسی دنیا کو چور چور کہنے والا خود چوری میں پکڑا گیا ہے۔راناثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی سیاست الیکشن میں ختم ہو جائے گی، کیا کرنا ہے پی ٹی آئی کی لیڈر شپ ابھی تک متفق نہیں ہوئی، یہ اپنے ہی دعوؤں میں پھنس چکے ہیں،انہیں اپنی عزت رکھنے کے لیے کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ٹکراؤ کی پوزیشن کسی کے مفاد میں نہیں ہے، کے پی کے اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔پنجاب اور کے پی کے میں حکومت بھی لوگوں کو نکالنے کے لیے زور لگا رہی تھی۔جتھہ اور شہروں پر چڑھائی کرکے اپنے مطالبات منوانے کے طریقہ کار کو فروغ نہیں پانے دیں گے۔
- Advertisement -
جبکہ پی ٹی آئی ممکنہ لانگ مارچ میں غیرقانونی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری اسلام آباد پہنچ گئی ہے، نفری میں سندھ پولیس کے6000 ، ایف سی کی 90 پلاٹون اور2667 اہلکار اپنی گاڑیوں پر اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
ایف سی اہلکار فیصل مسجد کے صحن میں ایف سی کانسٹیبلری میں جبکہ کچھ نفری حاجی کیمپ میں ٹھہری ہوئی ہے۔ یاد رہے 22 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات جمعے کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا کہ کس دن ہم نے لانگ مارچ کیلئے نکلنا ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ یہ الیکشن نہیں کروائیں گے، پاکستان کو دلدل سے نکالنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ الیکشن کرائے جائیں۔
انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ پرامن ہوگا، میری 26سال کی سیاست میں سب کچھ میں نے آئین قانون کے دائرے میں بیٹھ کرکیا ہے، ہماری لانگ مارچ میں کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں ہوگا، لوگ انجوائے کریں گے،کیونکہ یہ ایک احتجاج ہوگا، اس میں فیملیز آئیں گی، یہ احتجاج ہوگا اس میں ہرشعبے سے لوگ شرکت کریں گے، جمعرات یا جمعے کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا ، اس کے بعد لانگ مارچ سے متعلق تفصیلات سامنے آتی رہیں گی۔