ایوریج بندوں کو ایوریج لوگ ہی پسند آتے ہیں
لاہور (مسائل نیوز) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی سکواڈ کے اعلان کے بعد چیف سلیکٹر محمد وسیم سمیت ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور بیٹنگ کوچ محمد یوسف کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ شعیب اختر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ‘ایوریج لوگوں کو ایوریج بندے ہی پسند آتے ہیں، ایوریج لوگوں سے غیر معمولی فیصلوں کی توقع نہیں کی جا سکتی’۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا ‘ماشاء اللہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیا ٹیم سلیکٹ کی ہے، پاکستان کا مسئلہ مڈل آرڈر تھا لیکن انہوں نے کہا ہم تسلسل کے ساتھ ایسا فیصلہ کریں گے کہ جو آپ کو پسند آئے یعنی ہم اتنا برا فیصلہ کریں گے کہ مڈل آرڈر کو تبدیل ہی نہیں کریں گے’۔ راولپنڈی ایکسپریس نے کہا ‘میں کہہ کہہ تھک چکا ہوں کہ فخر کو کچھ عرصہ اوپننگ کراؤ، آسٹریلوی پچز پر بال اوپر آتی ہے، فخر کو سوٹ کریں گی یہ کنڈیشنز لیکن نہیں بابر نے اوپننگ سے نہیں ہٹنا’۔
چیف سلیکٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شعیب اختر نے کہا ‘جب وہ ہی ایوریج ہوگا تو فیصلے بھی ایسے ہی ہوں گے، مجھے ویسے بھی اس سے کسی قسم کی امید نہیں’۔ انہوں نے کہا کہ ‘ثقلین آخری دفعہ 2002ء میں کرکٹ کھیلا تھا پتہ نہیں اسے ٹی ٹونٹی کا آئیڈیا ہے یا نہیں، وہ میرا دوست ہے اسے یہ باتیں اچھی نہیں لگیں گی لیکن ثقلین یہ آپ کے بس کی بات نہیں’۔