اسلام آباد (مسائل نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے قبل از وقت انتخابات کا الٹی میٹم دیئے جانے کے بعد 14 اگست کو اسلام آباد میں بڑا جلسہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت سابق وزیراعظم عمران خان نے کی، جبکہ اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے بھی شر کت کی۔
اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات سے متعلق قانونی امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ ارکان اسمبلی کے استعفوں سے متعلق پی ٹی آئی کی قانونی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 14 اگست کو حکومت مخالف وفاقی دارالحکومت میں بڑا جلسہ کیا جائے گا۔
یہ جلسہ پریڈ گراؤنڈ میں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق میگا پاور شو میں ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ جلسے کے حوالے سے مرکزی قیادت سمیت دیگر ذمے داران کو بھرپور تیاریوں کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قانونی ٹیم نے عدالتوں میں دائر درخواستوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔پاور شو میں شرکت کرنے کیلیے پنجاب، کے پی سمیت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر ودیگر علاقوں سے قافلے اسلام آباد کا رخ کرینگے اور امکان ہے یہ جلسہ پریڈ گراؤنڈ میں کیا جائے گا۔
پاور شو کے ذریعے پی ٹی آئی نئے انتخابات کے لیے راہ ہموار کرے گی اور حکومت کو اسمبلیوں کی تحلیل کیلیے واضح پیغام دے گی۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت ہر میدان میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے لہٰذا حکومت فوری عام انتخابات کی تاریخ دے۔
Get real time updates directly on you device, subscribe now.