کے ٹو سر کرنے کی کوشش میں افغان کوہ پیما زندگی کی بازی ہار گیا
لاہور (مسائل نیوز) دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی سر کرنے کی کوشش میں دل کا دورہ پڑنے سے غیر ملکی کوہ پیما جاں بحق ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چوٹی سر کرنے کی کوشش میں دل کا دورہ پڑنے سے افغان کوہ پیما علی اکبر سخی جاں بحق ہوئے، ان کی میت کو بیس کیمپ لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ افغان کوہ پیما کی میت کو ریسیکیو کے لیے جانے والی ٹیم میں سرباز خان اور سہیل شیخ شامل ہیں۔
افغان کوہ پیما علی اکبر سخی کو کیمپ 3 پر دل کا دورہ پڑا جس کے باعث وہ جانبر نا ہوسکے۔ دوسری جانب پاکستان کی دو خواتین کوہ پیماؤں ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کرلیا۔ ثمینہ بیگ کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں جبکہ نائلہ کیانی نے بھی آج ہی کے روز دنیا کی دوسری سب سے اونچی چوٹی پر پاکستان کا پرچم لہرایا۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکرٹری کرار حیدر کے مطابقٖ ثمینیہ بیگ نے یہ اعزاز اپنی 6 رکنی ٹیم کے ساتھ حاصل کیا ہے، انکے بھائی محبوب علی کا کہنا ہے کہ ثمینہ بیگ نے یہ اعزاز جمعے کی صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے حاصل کیا ہے۔ چوٹی پر پاکستانی جھنڈا لگانے کے بعد اب وہ واپسی کے راستے کی جانب گامزن ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں رواں برس کے ٹو سمیت دیگر پہاڑوں کو سر کرنے کی مہم جوئی کیلئے تقریباً 600 کوہ پیماؤں کے گروپس کو لائسنس جاری کیے ہیں۔