پٹرول 275 روپے فی لیٹر ہو جائے گافرخ حبیب
لاہور (مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ پٹرول 275 روپے فی لیٹر ہو جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ حکومت نے پٹرول اور بجلی کی قیمتیں بجٹ سے پہلے بڑھا دیں، آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے منی بجٹ پیش کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جس سے نااہلی واضح ہوگئی، 60 روپے لیوی لگانے کے بعد پٹرول کی قیمت 275 روپے فی لیٹرہو جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے طوفان پر قوم ان کے خلاف کھڑی ہوگی۔چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا تھا کہ اگلے مہینے میں پیٹرول مزید مہنگا ہوکر 310 روپے فی لیٹر ہوجائے گا، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بھی بڑھے گی، لگتا ہے امپورٹڈ حکومت نے اگلے مہینے میں خودکشی کرنی ہے۔
- Advertisement -
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اگلے مہینے میں پیٹرول 300 سے 310 روپے فی لیٹر تک جائے گا، پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے جو کاشتکار ٹریکٹر چلائے گا وہ کہاں جائے گا؟ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بھی بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے، بجلی آتی نہیں اوپر سے قیمت 39 سے 40 روپے فی یونٹ، لوگ ان پر پتھر ماریں گے، کارخانے میں ایندھن نہیں ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ مزید بڑھے گی، عمرایوب نے کہا کہ لگتا ہے امپورٹڈ حکومت نے اگلے مہینے میں خودکشی کرنی ہے۔ دوسری جانب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اب پیٹرول اور ڈیزل پر کوئی سبسڈی نہیں دیں گے۔
ایک انٹرویومیں وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق قیمتیں ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ جولائی کے مہینے میں نقصان میں نہیں جائیں گے، سبسڈی کو اس سال ختم کریں گے۔ آئی ایم ایف پروگرام نہ ملا تو ڈیفالٹ کے علاوہ چارہ نہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور سیلز ٹیکس دونوں کا آپشن ہے ، دیکھیں گے کہ لیوی لگائیں یا سیلز ٹیکس۔ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر جاتی ہیں تو آسانی ہوجائے گی۔ اسٹیٹ بینک کے گورنر مرتضیٰ سید پر اعتماد ہے، انہیں مالیاتی پالیسی پر مشورہ نہیں دیں گے تاہم مالیاتی پالیسی ٹھیک جا رہی ہے۔