اسلام آباد (مسائل نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ خونی فساد دم دبا کر بھاگ گیا ، مہنگائی کا طوفان لانے والے اب عوام کے غضب سے بچنا چاہتے ہیں ، 11 جماعتوں نے سیاسی بدروحوں کے علاج کی ذمہ داری مجھے دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باس ، زرداری صاحب کی منت ترلے کرتا ہے تو چپڑاسی دھمکیاں دیتا ہے، دوسروں کے بچوں کو سڑک پر بے آسرا چھوڑ کر دونوں میدان سے بھاگ گئے ، دھمکیاں دینے والے اب منتیں ، ترلے اور واسطے دے رہے ہیں ۔
قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ اتحادی جماعتیں زور لگالیں دنیا کی کوئی طاقت ان کو گھر جانے سے نہیں روک سکتی ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بیساکھیوں کا سہارا اور آئی ایم ایف کی خیرات، کیسے چلے گی یہ حکومت؟ عمران خان گھر میں بیٹھ جائے تو یہ 11 جماعتیں ایک مہینے بھی اکٹھی نہیں چل سکتیں ، مہنگائی کے طوفان پر حکومت عوام کے غیض و غضب سے نہیں بچ سکتی ، ملک وہاں پر پہنچ گیا ہے جہاں سیاسی پارٹیوں کے چلانے کا بس نہیں ہے ۔
- Advertisement -
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ جب لوگ نکلیں گے تو وہ کسی کے کہنے پر بھی واپس نہیں جائیں گے ، لوگوں کے گھروں میں صرف بھوک ان کا انتظار کررہی ہے ، ان میں تباہ حال معیشت کو بچانے کی کوئی صلاحیت نہیں ہے ، آج بھی یہ مال بنانے، کیس بچانے اور گھر جانے کے لیے آئے ہیں ، یہ نیب، اے این ایف اور ایف آئی اے میں اپنے افسر لگائیں گے ، یہ کیسز ختم کروائیں گے اور گھر چلے جائیں گے ۔