پاک فوج کے ادارے پر بلاوجہ تنقید افسوسناک ہے، ہر ایسے اقدام کی مذمت کرتے ہیں /کمال عبدالجمیل
چترال (مسائل نیوز) آل پاکستان ریجنل نیوز پیپرز سوسائٹی (APRNS)کے مرکزی ترجمان کما ل عبدالجمیل نے سیاسی شخصیات کی طرف سے پاک فوج اور اسکے اعلیٰ قیادت کو سیاسی معاملات میں ملوث کرنے کی کوششوں اور ایسے متنازعہ بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ میڈیا کو جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا ملک عزیز ہے، تمام دیگر معاملات ثانوی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ پاکستان کو اولیت حاصل ہے۔ پاکستان کی سالمیت اور ترقی دشمنوں کو ایک آنکھ نہیں بھارہی ہے اور وہ مختلف طریقوں سے ملک کو کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں نے بے پناہ قربانیاں دیکر اس ملک کی حفاظت کی ہے جس پر ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کی یکجہتی کی علامت اور دفاع وطن کی ضامن ہیں، اگر افواج پاکستان آئین کے ساتھ کھڑے ہونے اور دستوری طور پر ملک کو چلانے کیلئے خود کو کسی بھی غیر آئینی اور غیر دستوری کاموں سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو سیاستدانوں کو اس چیز پر انکا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا ہمیں یقین ہے کہ پاک فوج کی اعلیٰ قیادت محب وطن اور تجربہ کار کمانڈروں کے ہاتھ میں ہے، انہیں اور ادارے کو متنازعہ بنانے کی کوششوں سے پاکستان دشمن عناصر کے عزائم کو تقویت ملنے کے علاوہ کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان ریجنل نیوز پیپر ز سوسائٹی (APRNS) ملک کے نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے اور بانی و مرکزی صدر غلام مرتضی جٹ کی قیادت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔