اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس تحریک عدم اعتماد کےلئے نمبرز پور ے نہیں ، اتحادی مضبوطی سے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت کہیں نہیں جا رہی، اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان سے اپوزیشن کے چہروں پر مایوسی اور بوکھلاہٹ نظر آ رہی ہے، عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں مزید بھی بڑھیں
- Advertisement -
تو حکومت اگلے بجٹ تک پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کے اپنے وعدے پر قائم رہے گی۔ ایک انٹرویومیں شوکت ترین نے کہاکہ اپوزیشن حکومت کے کسی اقدام سے خوش نہیں ہوتی، پہلے یہی لوگ کہتے تھے کہ حکومت عوام کو ریلیف نہیں دیتی، دنیا میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں تاہم حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے جس کے بعد اپوزیشن کو سمجھ نہیں آ رہی کہ کس کونے میں جا کر اپنا سر چھپائے۔
شوکت ترین نے کہا کہ روس پر عالمی پابندیوں کی وجہ سے گندم اور گیس پر دباﺅ پڑے گا، پاکستان کو روس سے سستی گندم ملتی تھی، اگر ہم وہاں سے گندم نہ لے سکے تو کسی اور جگہ سے لینے کا بندوبست کرنا پڑے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی سے جی ڈی پی پر کوئی اثر نہیں پڑےگا‘ بجلی کی قیمت سستی کرکے آئی ایم ایف کے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی۔