وفاقی حکومت بارشوں سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے، اسلم بھوتانی
کوئٹہ(ویب ڈیسک)رکن قومی اسمبلی میر محمد اسلم بھوتانی نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے بلوچستان کے ساحلی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں،وفاقی حکومت متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایوان کی توجہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بارشوں سے ہونے والی تباہ کاریوں کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہی،
- Advertisement -
گوادر اور لسبیلہ سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے سانحہ مری پرمتاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوادر اور تربت میں طوفانی بارشوں سے غریب لوگوں کے گھر اجڑ گئے ہیں،کچے مکانات منہدم بندات کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے گوادراور پسنی کو آفت ذدہ قرار دیا ہے،
ان سے درخواست کرونگا کہ صوبائی حکومت تربت اور گوادر کو مکمل آفت زدہ قرار دے۔ انہوں نے کہاکہ لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں بارشوں سے لوگ شہید ہوئے ہیں صوبائی حکومت کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کا کام مکمل کرسکے، اورماڑہ، پسنی، تربت، گوادر، جیونی، اوتھل سمیت ضلع لسبیلہ میں بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں۔