سندھ پولیس نے بڑا سانحہ روکا، بچیوں کو گمراہ کرنا قابل مذمت ہے: نوابزادہ جمال رئیسانی
کوئٹہ(مسائل نیوز )پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا ہے کہ سندھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت اور مثر کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے سانحے کو ہونے سے پہلے ہی روک دیا۔انہوں نے کہا کہ مسلح دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے کم عمر بچیوں کو گمراہ کن اور پرتشدد نظریات سے متاثر کرنا انتہائی قابل مذمت ہے، جو ان کے فکری اور اخلاقی زوال کو ظاہر کرتا ہے۔ نوابزادہ جمال رئیسانی نے والدین، تعلیمی اداروں اور جامعات کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں اور بلوچ معاشرے سے بھی کہا کہ وہ شعور، اتحاد اور ذمہ داری کے ساتھ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنائے۔