کیا واقعی مہک ملک بھی پی ایس ایل فرنچائز کی مالک بن گئی ؟
لاہور (مسائل نیوز) پاکستانی سوشل میڈیا پر گزشتہ چند دنوں سے یہ دعویٰ گردش کررہا ہے کہ معروف ٹرانس جینڈر ڈانسر اور ٹک ٹاک شخصیت مہک ملک نے پاکستان سپر لیگ (PSL) کی نئی فیصل آباد فرنچائز خرید لی ہے، اور وہ مبینہ طور پر پی ایس ایل ٹیم کی پہلی ٹرانس جینڈر مالک بن گئی ہیں۔
یہ خبر بڑی تعداد میں صارفین شیئر کر رہے ہیں اور کئی لوگ اسے ایک بڑی سماجی تبدیلی کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔
آن لائن پوسٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مہک ملک نے فیصل آباد کی نئی پی ایس ایل ٹیم کے مالکانہ حقوق حاصل کرلیے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کے مطابق مہک ملک اپنی ’شہرت اور نوجوانوں میں مقبولیت‘‘ کو فرنچائز میں لانا چاہتی ہیں، اور پی ایس ایل انتظامیہ اس پیش رفت کا خیرمقدم کر رہی ہے۔
- Advertisement -
ایکسپریس کے مطابق کچھ پوسٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مہک ملک کی ملکیت ’’پاکستان میں کھیلوں کے شعبے میں صنفی شمولیت کی بڑی مثال‘‘ ہوگی۔
فیکٹ چیک کے مطابق، ان تمام دعوؤں کی تاحال کوئی آفیشل تصدیق موجود نہیں۔ پاکستان سپر لیگ (PSL) کی جانب سے مہک ملک کے کسی فرنچائز خریدنے کا کوئی آفیشل بیان سامنے نہیں آیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کی طرف سے بھی اس طرح کی خبر کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔
دستیاب شواہد کے مطابق یہ دعوے صرف سوشل میڈیا افواہوں پر مبنی ہیں جن کے پیچھے کوئی قابلِ اعتماد ذریعہ نہیں۔