اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم کا دورہ پاکستان، فضائی حدود میں داخلے پر پاک فضائیہ کے جنگی جہازوں کی جانب سے پرتپاک استقبال ،سلامی دی
اسلام آباد (مسائل نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم اپنے دو روزہ دورہء پاکستان پر اسلام آباد میں موجود ہیں، اس سے قبل پاکستان کی فضائی حدود میں داخلے پر پاک فضائیہ کے جنگی جہازوں کی جانب سے اردن کے بادشاہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جے ایف-17 تھنڈر اور ایف-16 فالکن طیاروں کے 6 رکنی دستے نے اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین کو سلامی دی۔
سامنے آنیوالی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پاک فضائیہ کے طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود میں آمد پر اردن کے بادشاہ کے طیارے کو حصار میں لے کر انکا استقبال کیا، یادرہے کہ شاہ عبداللہ دوئم ابن الحسین ہاشمی بادشاہت کے سلسلے سے ہیں، پاک فضائیہ کی جانب سے شاندار استقبال پاکستان اور اردن کے گہرے برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کا مظہر ہے۔
- Advertisement -
پاک فضائیہ کے فارمیشن لیڈر نے شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین کو پاک افواج کی جانب سے گرمجوشی سے سلامی پیش کی، یہ والہانہ استقبال دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار اور دونوں ممالک کے مابین پائیدار دوستی اور بھائی چارے کا ثبوت ہے۔
جے ایف-17 تھنڈر اور ایف-16 فالکن جدید ترین ملٹی رول لڑاکا طیارے ہیں جو پاک فضائیہ کی جدید صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہیں، پاکستان کی حدود میں برادر ممالک کو فضائی سلامی پیش کرنا جذبہ خیر سگالی کی روایات کا عکاس ہے۔