بایومیٹرک تصدیق، ڈیجیٹل والٹ اور بہت کچھ! پاک ایپ نے سب کچھ بدل دیا
اسلام آباد(مسائل نیوز)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی متعارف کردہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ نے پاکستان میں شناختی خدمات حاصل کرنے کے طریقہ کار کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔ اب شہریوں کو شناختی کارڈ یا دیگر دستاویزات کیلئے نادرا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہی کیونکہ تمام مراحل اب صرف ایک اسمارٹ فون کے ذریعے گھر بیٹھے مکمل کیے جاسکتے ہیں۔
پاک ایپ کی ذریعے سے شہری شناختی کارڈ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں جبکہ فیس کی ادائیگی بھی کرسکتے ہیں اور اپنی درخواست کااسٹیس بھی براہِ راست دیکھ سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق گزشتہ سہ ماہی میں ایپ کے ذریعے12لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں اور اس دوران ڈیجیٹل درخواستوں میں 45 فیصد اضافہ بھی دیکھا گیا۔ فی الحال روزانہ 10 ہزار سے زیادہ کیسز اس ایپ کے ذریعے پروسیس کیے جا رہے ہیں، جو نادرا کی مجموعی سرگرمیوں کا تقریباً 10 فیصد بنتا ہے۔
ایپ میں شہریوں کے لیے کئی سہولیات موجود ہیں، جن میں شامل ہیں۔
نادرا مراکز کے لیے وقت لینے کی سہولت
قریبی دفتر تلاش کرنا
اندازاً انتظار کا وقت جاننا
مطلوبہ دستاویزات اپلوڈ کرنا
- Advertisement -
شناختی دستاویزات کی ڈیجیٹل کاپیاں محفوظ رکھنا
ایپ کے ذریعے شہری ڈائریکٹ ڈیبٹ،کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈز،اقساط اورانٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے ادائیگی کرسکتے ہیں جس سے یہ مکمل طور پر کیش لیس نظام کی بہترین مثال بن گئی ہے۔
پاک ایپ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہے اور اینڈرائیڈ و آئی او ایس صارفین کے لیے مفت ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔ اب تک ایک کروڑ سے زائد افراد اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرچکے ہیں اور گوگل پلے اسٹور پر اسے 4.8 اسٹارز کی ریٹنگ حاصل ہے جوکہ اسے پاکستان کی سب سے قابلِ اعتماد عوامی سروس ایپس میں شامل کرتی ہے۔
نادرا کے مطابق آئندہ چند مہینوں میں ایپ میں مزید جدید فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں، جن میں شامل ہوں گے۔
گھر بیٹھے بایومیٹرک تصدیق
مصنوعی ذہانت پر مبنی رہنمائی
ڈیجیٹل شناختی والٹ
اور فوری سمارٹ نوٹیفیکیشنز
پاک ایپ نادرا کی جانب سے عوام کیلئے ایک اہم سہولت بن کرسامنے آئی ہے جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہورہی ہے بلکہ عوامی خدمات کا معیار بھی بہتر ہوا ہے۔