MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

مريم نوازشریف کا دورہ بہاولنگر پر ایک نظر

0 42

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کالم نگار:
محمد شہزاد بھٹی

- Advertisement -

سیلاب آیا اور اپنے نقوش بے پناہ تباہی کی صورت میں چھوڑ گیا، بہاولنگر سیلاب متاثرین نے پناہ تو حکومت پنجاب کی طرف سے مختلف مقامات پر قائم کردہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں لے لی مگر اس کے باوجود وہ کسی مسیحا کے منتظر تھے کہ کوئی ان کی داد رسی کرنے یا ان کے ہونے والے نقصان کی تلافی کرنے آئے۔ آخرکار، وزیراعلی پنجاب مريم نواز شریف نے رواں ہفتے پیر 22 ستمبر کو بہاولنگر میں گورمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا مختصر دورہ کر ہی لیا، یہ دورہ سیلاب متاثرین کے کیمپ تک ہی محدود رہا، وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے فلڈ ریلیف کیمپ میں پیدا ہونے والے بچوں کے والدین سے ملاقات کی انہیں مبارکباد اور بہت سی دعائیں دیں، اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ فلڈ ریلیف کیمپ میں پیدا ہونے والے اس بچے کا نام نوازشریف اور اس بچی کا نام ان کے والدین کی طرف سے مریم رکھا گیا ہے تو اس پر ان کی خوشی دیدنی تھی۔ یاد رہے، میاں نوازشریف اور مریم نواز شریف کے لیے بچوں کے والدین کی طرف سے یہ نام رکھنا کوئی معمولی بات نہیں بلکہ یہ پنجاب کے عوام کی ان سے محبت و گہرے تعلق کی عکاسی ہے۔ وزیراعلی پنجاب مريم نوازشریف نے فلڈ ریلیف کیمپ میں صنعت زار مرکز کا دورہ کیا اور سلائی کڑھائی کرنے والی خواتین سے خوشگوار موڈ میں گفتگو کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے نا صرف سلائی مشین چلا کر کپڑے کی سلائی کی بلکہ فریم میں لگے کپڑے پر سوئی سے کڑھائی بھی کی۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے سلائی کڑھائی سیکھنے والی خواتین کو خوب داد دی اور جب وہ عارضی طور پر قائم کردہ کلاس رومز میں بچوں کے پاس گئیں تو ایک بچے کا وزیراعلی پنجاب مريم نوازشریف سے پنجابی میں مکالمہ بھی سامنے آیا جس میں بچے کا کہنا تھا کہ “میں پیاں آناں ھن تساں ایتھے رہ سو” جس پر انہوں نے اظہار مسرت کیا اس مکالمے کو سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی ملی۔ وزیراعلی مريم نوازشریف نے سیلاب متاثرہ مرد و خواتین کے علاوہ بچوں کو تحائف پیش کئیے، فلڈ ریلیف کیمپ کے عارضی ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور انہیں بھی تحائف پیش کیے۔ وزیراعلی پنجاب مريم نوازشریف نے فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود بچوں اور خواتین کے ساتھ گھل مل گئیں اور دسترخوان پر بیٹھ کے انہی کے ساتھ بریانی بھی کھائی۔ مریم نوازشریف وزیراعلی پنجاب کو ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈی سی بہاولنگر نے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے بہاولنگر کی 26 یونین کونسل اور ایک لاکھ سے زائد آبادی متاثر ہوئی ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں سے بروقت آبادی کا محفوظ انخلاء یقینی بنایا گیا ہے۔ سیلاب متاثرین کے لئے 20 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کئیے ہیں۔ سیلاب متاثرین کے لئے ہیلتھ کاؤنٹر قائم، کلینک آن ویل، موبائل ہیلتھ یونٹ اور مصروف کار میں 40 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کا علاج کیا گیا ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں سے مویشی محفوظ مقام پر منتقل کئیے ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں 10 کلو کے 15795 بیگ فراہم کئیے، 1198 سائلیج اور 399 ٹن بھوسہ، توڑی فراہم کی گئی ہے۔ سیلاب کی آمد کے پیش نظر منہ کھر کی بیماری کے سدباب کے لئے 37 لاکھ 70 ہزار چھوٹے بڑے جانوروں کی ویکسی نیشن کی گئی ہے۔ منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کے لئے 5 ملحقہ اضلاع سے بفر زون قائم کئیے گئے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب مريم نوازشریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل کی وہ خود مانیٹرنگ اور نگرانی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بھلائی اور فلاح و بہبود ہی ان کی حکومت کا مشن ہے۔ وزیراعلی پنجاب مريم نوازشریف کے بہاولنگر دورے کے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے بنائے گئے مخلتف شعبوں کا معائنہ کیا اور فلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کے دوران مرد و خواتین سے بات چیت کرتے ہوئے ان سے سہولتوں کی فراہمی بارے بھی دریافت کیا، بہترین انتظامات کرنے پر ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون کو شاباش دی مگر وزیراعلی پنجاب مريم نوازشریف نے بہاولنگر کے سیلاب متاثرین کے لیے کسی بڑی اسکیم یا پیکج کا اعلان نہیں کیا، یوں بہاولنگر ایک بار پھر کسی بڑے ریلیف کے اعلان سے محروم ہی رہا مگر پھر بھی بات یہی ختم نہیں ہوئی ذرا آگے سنئیے پنجاب اسمبلی میں 2025 کے سیلاب پر خصوصی کمیٹی بنی لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بہاولنگر کے کسی ایم پی اے کو شامل تک نہیں کیا گیا۔ بہاولنگر میں سیلاب سے 150 کلومیٹر رقبہ ڈوبا، 3 تحصیلیں بری طرح متاثر، ڈیڑھ لاکھ ایکڑ فصل تباہ، 3 لاکھ لوگ اور 1 لاکھ جانور متاثر ہوئے لیکن پنجاب اسمبلی کی کمیٹی میں بہاولنگر کا کوئی نمائندہ شامل نہیں، آخر کیوں؟ اللّه کریم سیلاب متاثرین کی آبادکاری، بحالی اور انکی دیگر مشکلات کو کم کرنے کے لیے حکومت پنجاب کو عملی اقدامات کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.