MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

گریمی ایوارڈ یافتہ نغمہ نگار بریٹ جیمز طیارہ حادثے میں اہلِ خانہ سمیت جاں بحق

0 40

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

نیویارک(مسائل نیوز)معروف امریکی گیت نگار اور گریمی ایوارڈ جیتنے والے بریٹ جیمز ایک افسوسناک طیارہ حادثے میں اپنی اہلیہ اور سوتیلی بیٹی کے ساتھ جاں بحق ہو گئے۔ امریکی حکام اور ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثہ جمعرات کے روز ریاست نارتھ کیرولائنا کے علاقے فرینکلن کے قریب پیش آیا۔

57 سالہ بریٹ جیمز نجی طیارے Cirrus SR22T میں سفر کر رہے تھے جو نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارہ ریاست ٹینیسی کے شہر نیشویل میں واقع جان سی ٹیون ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا۔

فلائٹ ریکارڈز کے مطابق یہ طیارہ بریٹ جیمز کے قانونی نام بریٹ کارنیلیئس کے نام پر رجسٹرڈ تھا۔ حادثے میں دو دیگر افراد بھی ہلاک ہوئے جن کی شناخت میلوڈی کیرول اور میرل میکسویل ولسن کے طور پر کی گئی ہے جنہیں بریٹ کی بیوی اور سوتیلی بیٹی قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ طیارہ خود بریٹ جیمز اڑا رہے تھے یا نہیں۔ امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

بریٹ جیمز کا شمار نیشویل کے معروف ترین گیت نگاروں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے کیری انڈر ووڈ کے مشہور گیت “Jesus, Take the Wheel” سمیت کئی یادگار نغمے تخلیق کیے جنہیں دنیا بھر میں پذیرائی ملی۔ مذکورہ گانا 2006 میں بہترین کنٹری سانگ کا گریمی ایوارڈ بھی جیت چکا ہے۔

- Advertisement -

جیمز نے اوکلاہوما سٹی میں آنکھ کھولی، مگر بعدازاں میڈیکل اسکول چھوڑ کر موسیقی کے شعبے میں نیشویل کا رخ کیا۔ ان کے 500 سے زائد گانے مختلف فنکاروں نے ریکارڈ کیے جو مجموعی طور پر 11 کروڑ سے زائد البمز کا حصہ بنے۔

ان کے نمایاں ساتھی فنکاروں میں فیتھ ہِل، لوک برائن، کیتھ اربن، کیلی کلارکسن، میگھن ٹرینر اور نِک جونس شامل ہیں۔

نیشویل سانگ رائٹرز ہال آف فیم جس میں بریٹ جیمز کو 2020 میں شامل کیا گیا تھا نے ان کی وفات پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت خوش اخلاق، مہربان اور باکمال انسان تھے۔

کیری انڈر ووڈ نے انسٹاگرام پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ بعض صدمات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ بریٹ کی جدائی صرف ان کے اہلِ خانہ کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری موسیقی کی دنیا کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

کنٹری گلوکار جیسن ایلڈین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر تعزیتی پیغام میں لکھا کہ میرے دوست بریٹ جیمز کے انتقال کی خبر نے دل توڑ دیا ہے۔ انہوں نے میری زندگی بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان سے ملنا اور ان کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔ میری دعائیں ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.