سانحہ شاہوانی اسٹیڈیم، نیشنل پارٹی کا تین روزہ سوگ کا اعلان
کوئٹہ(مسائل نیوز )کوئٹہ میں شاہوانی اسٹیڈیم کے باہر بلوچستان نیشنل پارٹی کے جلسے میں ہونے والے خودکش دھماکے پر نیشنل پارٹی نے شدید ردعمل دیتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سانحے میں کئی سیاسی کارکن شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، جس پر قیادت اور کارکنان نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مرکزی ترجمان کے مطابق تین روزہ سوگ کے دوران تمام سیاسی و تنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی اور 14 ستمبر کو حب میں ہونے والا مرکزی جلسہ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے، جس کی نئی تاریخ بعد میں دی جائے گی۔ اس دوران پارٹی دفاتر پر سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے جبکہ کارکنان سیاہ پٹیاں باندھ کر یکجہتی اور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔نیشنل پارٹی نے کہا کہ یہ حملہ صرف بی این پی مینگل کے کارکنان پر نہیں بلکہ بلوچستان کی تمام جمہوری، قومی اور عوامی آوازوں پر حملہ ہے۔ بزدلانہ دہشتگردی کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پھیلانا اور قوم پرست سیاست کو کچلنا ہے لیکن ہم ایسے حملوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔پارٹی قیادت نے حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ سانحے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتار کر کے سزا دی جائے، شہدا کے لواحقین کو معاوضہ اور زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ بلوچستان میں جاری دہشتگردی کے خلاف ایک مثر حکمت عملی اپنائی جائے۔مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور مرکزی سیکریٹری جنرل میر کبیر احمد محمد شہی نے شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی صحتیابی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ ہماری جدوجہد کو کمزور نہیں کر سکتا، نیشنل پارٹی ہر مظلوم اور شہید کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور بلوچستان میں امن، انصاف اور عوامی حکمرانی کی جنگ جاری رکھے گی۔