رمیز راجہ نے وسیم اکرم سے تنقید کا حساب برابر کر دیا، موقع دیکھ کر چوکا مار دیا
لاہور(مسائل نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے وسیم اکرم سے تنقید کا حساب برابر کرنے کیلئے موقع دیکھ کر چوکا مار دیا ۔
تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی پالیسیز پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں، اپنی کتاب میں یہ بھی لکھا کہ سفارشی ہونے کی وجہ سے رمیز صرف سلپ میں فیلڈنگ کرتے تھے جبکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 8 میں کراچی کنگز کو مسلسل شکستوں کے بعد حساب چکتا کرنے کا موقع مل گیا ہے۔
- Advertisement -
کنگز کو اس بار ملتان سلطانز نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر زیر کیا، میچ کے دوران جیت کے امکانات دیکھتے ہوئے مسکراتے نظر آنے والے کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم شکست پر مایوس نظر آئے اور کرسی کو لات ماردی۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی۔اس حوالے سے انٹرویو دیتے ہوئے رمیز راجا نے کہا کہ باہر بیٹھ کر تو آپ کچھ نہیں کرسکتے، آپ نے جو کھلاڑی خود منتخب کیے ان کو سپورٹ بھی کرنا چاہیے،ٹھنڈے دل و دماغ سے معاملات کا تجزیہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسا ردعمل صرف مایوسی پھیلانے کا سبب ہی بن سکتا ہے جبکہ دیکھنے میں بھی ایسی حرکات اچھی نہیں لگتیں، اگر آپ ایسا نہیں کرسکتے تو بہتر ہے کہ عوام کے سامنے نہ آئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سیزن میں کراچی کنگز بابراعظم کی قیادت میں ناکام ترین ٹیم ثابت ہوئی تھی جبکہ وسیم اکرم کپتان کی بیٹنگ پوزیشن پر تنقید بھی کرتے رہے۔
اس بار بابر پشاور زلمی کے کپتان ہیں، کراچی کنگز نے عماد وسیم کو کمان سونپی،ان کی اپنی کارکردگی تو اچھی مگر ٹیم 5 میں سے 4 میچز ہارچکی ہے، کئی مقابلوں میں ہدف قریب ہونے کے باوجود ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔