آنے والا دور پی ٹی آئی کا ہے صحتیابی کے بعد بلوچستان کا دورہ کروں گا
لاہور (مسائل نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آئندہ کا دور پی ٹی آئی کا ہے،صحت یابی کے بعد بلوچستان کا دورہ کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے بلوچستان کے وفد نے ملاقات کی،پی ٹی آئی کے صوبائی نائب صدر نواب خان دمڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ عمران نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں تنظیم کو مضبوط کریں،صحتیابی کے بعد جلد بلوچستان کا دورہ کروں گا۔
بلوچستان کو سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز پی ٹی آئی دورمیں دیئے گئے،بلوچستان کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں اور الیکشن کیلئے ٹائیگرز تیار رہیں۔ اس موقع پر نواب خان دمڑ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام عمران خان کو دوبارہ وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں،بلوچستان میں پی ٹی آئی کو مضبوط کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان نے کہا کہ مجھے نااہل کر بھی دیا تو لوگ پی ٹی آئی کے نظریے کو ووٹ دیں گے،میرے پاس اتنے کارڈ ہیں جب کھیلوں گا تو پی ڈی ایم حیران رہ جائےگی،پنجاب اسمبلی تحلیل کے شاٹ کی گونج صدیوں سنائی دے گی۔
- Advertisement -
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ گورنر پنجاب کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ملک میں شفاف انتخابات نہ ہوئے تو سری لنکا جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں، ساری تباہی کا ذمہ دار اسحاق ڈار ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ میں توڑ پھوڑ کی خبریں مل رہی ہیں، (ن) لیگ میں موروثی سیاست کے خلاف پہلی آواز چودھری نثار نے بلند کی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ پی ڈی ایم عوام کے سامنے بےنقاب ہو رہی ہے، پی ڈی ایم ناکام ہوچکی ہے، ان کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں، پی ڈی ایم نے عوامی وسائل کو مفادات کیلئے استعمال کیا، تحریک انصاف ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔