وفاق نے بھی انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی
اسلام آباد (مسائل نیوز) اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کرانے کے فیصلے کیخلاف وفاق نے بھی عدالت میں انٹراکورٹ اپیل دائر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف وفاقی حکومت نے عدالت میں انٹراکورٹ اپیل دائر کی،وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اپیل دائر کی۔
انٹرا کورٹ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائیکورٹ سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور حتمی فیصلے تک سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کیا جائے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ انٹراکورٹ اپیل دائر کردی گئی ہے،عدالت کا جو بھی حکم ہو گا اس پر من و عن عمل کریں گے۔
عملی طور پر آج الیکشن ممکن نہیں تھا،آدھی تعداد خواتین کی ہے اور پھر سامان کی ترسیل بھی مسئلہ ہے۔
- Advertisement -
گزشتہ روز عدالت نے آج ہی الیکشن کرانے کا حکم دیا،عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں مگر ایک دن میں انتظامی سرگرمیاں نہیں ہوسکتیں۔ایک پولنگ اسٹیشن پر 20 سے 25 افراد بھی ہوں تو ان کو موبائل کرنا تھا،سیکشن 6 کے تحت یونین کونسل کا اختیار وفاق کو دیا گیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اب جو الیکشن ہونے ہیں،125 یونین کونسلز کا تعین کرنے کا حکم دیا گیا۔
میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن ڈائریکٹ ہو گا،یہ دو ترامیم ہوئی ہیں،صدر اگر چند دن اس بل پر سائن نہیں کرتے تو خود بخود یہ ایکٹ بن جائے گا۔یہ آئین کا حصہ ہے،اگر آج الیکشن ہوتے تو نمائندے اپنا میئر اور ڈپٹی میئر منتخب نہیں کرسکتے تھے۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بلدیاتی الیکشن پر پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے،اسلام آباد میں ایک ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے،بلدیاتی الیکشن پر واویلا کرنے والی پی ٹی آئی نے اپنے دور میں کیوں نہیں الیکشن کرایا،پی ٹی آئی کو کہنا چاہتا ہوں رونے دھونے سے کچھ نہیں ہو گا۔