بیوٹیمز یونیورسٹی بلوچستان میں اعلٰی تعلیم کا ایک معیاری ادارہ ہے۔ آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل چوہدری امیر اجمل
بیوٹیمز یونیورسٹی کی 20ویں سالگِرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی بطور مہمان خصوصی شرکت
کوئٹہ(مسائل نیوز)بیوٹیمز یونیورسٹی کی جانب سے یونیورسٹی کی 20ویں سالگِرہ کے موقع پر ایک تقریب کاانعقاد کیاگیا جس میں آئی جی ایف سی بلوچستان(نارتھ) میجر جنرل چوہدری امیر اجمل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر احمد فاروق بیزئی نے آئی جی ایف سی کو خوش آمدید کہا۔ مہمان خصوصی نے تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار

- Advertisement -
کرتے ہوئے یونیورسٹی کو اعلی تعلیم کی معیاری تدریس گاہ قرار دیا۔
مہمان خصوصی نے فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کی انتھک محنت اور خلوص نیتی نے یونیورسٹی کو اس اعلی معیار تک پہنچنے میں مدد دی۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ یہ دن یونیورسٹی کے ذہین اور پرجوش طلباء کی صلاحیتوں کا بھی اعتراف ہے اور یقینی طور پر ہر ایک کے لیے فخر کا دن بھی ہے۔ آئی جی ایف سی نے کہا کہ موجودہ دور کے درپیش چیلنجز سے ہم سب بخوبی واقف ہیں

اور میرا ماننا ہے کہ بلوچستان کی سلامتی اور معاشی و سماجی ترقی کے پہلو گہرے طور پر ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں جن کی بہتری کے لیے ہم سب کو اپنی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کردار ادا کرنا ہے۔ مہمان خصوصی نے کہا میں تمام فیکلٹی ممبرز کا شکریہ ادا کروں گا جنہوں نے اس ادارے کو اس ہم سنگ میل عبور کرانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کا جوش دیدنی تھا جنہوں نے آئی جی ایف سی کا پرتپاک استقبال کیا اور بلوچستان کی ثقافت کو مخصوص انداز میں اُجاگر کیا۔