تحریک عدم اعتماد کا معاملہ،لیگی رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دئیے گئے
لاہور (مسائل نیوز) اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ،مسلم لیگ ن کی قیادت نے رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دئیے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اسمبلی میں ووٹنگ کی صورت میں ارکان پورے کرنے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ن لیگ نے ووٹنگ کی صورت میں ہر گروپ کا ہیڈ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے،گروپ کے تمام ارکان ووٹنگ کی صورت میں گروپ ہیڈ سے ہدایات لیں گے۔نمبرز پورے نہ ہونے کی صورت میں گروپ ہیڈ پارٹی قیادت کو رپورٹ کریں گے اور مشکوک ارکان کے حوالے سے بھی گروپ ہیڈ قیادت کو آگاہ کریں گے۔ یاد رہے کہ تحریک عدم اعتماد میں ن لیگ نے اسمبلی میں 186 ارکان پورے کرنے ہیں جبکہ اپوزیشن اتحاد کے پاس اس وقت پنجاب اسمبلی میں 180 ارکان ہیں۔
قبل ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی قانون و داخلہ امور عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب پر ہماری بھرپور تیاری ہے اور ہم سرپرائز دیں گے۔ عطاء اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ خفیہ رائے شماری سے ہونی ہے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق نمبرز کے حوالے سے مطمئن ہیں۔
نمبر گیم انتہائی دلچسپ ہے اور اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب پر ہم بھرپور سرپرائز دیں گے۔ جبکہ حکمران اتحاد نے وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ناکامی کے لیے پلان بی بھی تیار کرلیا۔عمران خان کی 23 دسمبر کو پنجاب اور کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کی حکمت عملی ناکام بنانے کے دعویدار حکمران اتحاد نے اسے پلان اے کی کامیابی قرار دیا،اب حکمران اتحاد نے پنجاب اسمبلی کے مخصوص ارکان سے حتمی روابط کیلئے منصوبہ بندی مکمل کر لی جسے پلان بی کا نام دیا گیا،اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور چوہدری شجاعت کی حالیہ ملاقات میں اس پلان پر گراس روٹ لیول تک تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔