قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس، آرمی چیف وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے
اسلام آباد (مسائل نیوز)دہشتگردی کی حالیہ لہر اور معیشت کی دگرگوں صورتحال پر قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کچھ دیر میں شروع ہو گا۔جیو نیوز کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا جس میں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی بھی شریک ہوں گے۔اجلاس میں شرکت کے لیے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار قومی سلامتی کمیٹی کو ملکی معاشی صورتحال سے متعلق بریف کریں گے جبکہ سکیورٹی حکام سلامتی سے متعلق امور پر بریفنگ دیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی ملاقات کی تھی جس میں ملکی سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔