وزیر اعلیٰ بلوچستان اور راحیلہ حمید درانی کے وژن کے تحت، یونیسیف اور یورپی یونین کے تعاون سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر میں والدین، اساتذہ انتظامی کمیٹیوں (PTSMCs) کے قیام کا کامیاب عمل شروع کردیا
کوئٹہ (مسائل نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید درانی کے وژن کے تحت، یونیسیف اور یورپی یونین کے تعاون سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر میں والدین، اساتذہ اور اسکول انتظامی کمیٹیوں (PTSMCs) کے قیام کا کامیاب عمل شروع کردیا گیا ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 1,068 سکولوں میں والدین اور اساتذہ پر مشتمل انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 11,000 اراکین کو ایک منصفانہ اور شفاف انتخابی عمل کے ذریعے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ اقدام صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری، شفافیت، جوابدہی اور مقامی انتظامی کمیٹی کی شمولیت کو مضبوط بنانے کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے۔
یہ انتظامی کمیٹیاں اسکولوں کی کارکردگی کی نگرانی، وسائل کے مؤثر استعمال، طلبہ کے داخلے اور حاضری کے فروغ، اور مقامی سطح پر تعلیمی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ ان انتظامی کمیٹیوں کے قیام سے والدین، اساتذہ اور مقامی افراد کے درمیان مؤثر شراکت داری کو فروغ ملے گا، جو معیارِ تعلیم میں بہتری کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔
- Advertisement -
اس ضمن میں ڈائریکٹر سکول کی جانب سے صوبے کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کو فوکل پرسن بنایا گیا ہے۔ یہ فوکل پرسن اپنے متعلقہ اضلاع میں کمیٹیوں کی تشکل، فعال کردار اور مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی زمہ دار ہونگی
اسی سلسلے میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مرغہ زکریازئی، تحصیل نان صاحب، ضلع پشین کی مقامی تعلیمی کونسل کے اراکین نے تین سال کی مدت کے لیے حلف اٹھایا۔ اس تقریب میں والدین، قبائلی معززین، حکومت کے نمائندگان اور محکمہ تعلیم کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی
حکومتِ بلوچستان کا عزم ہے کہ تعلیم کے شعبے میں مقامی کمیونٹی کو بااختیار بنا کر، بہتر نظم و نسق، شفافیت اور شمولیتی طرزِ حکمرانی کے ذریعے صوبے کے تعلیمی نظام کو استحکام اور معیار کی نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے۔