MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

میثاق معیشت اور میثاق جمہوریت پر بات کر سکتا ہوں؛ وزیراعظم

0 236

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

لاہور (مسائل نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا ہے کہ ایک کاروباری شخصیت عمران خان کا پیغام لے کر آئی اور کہا کہ عمران خان 2 معاملات کو بات چیت سے طے کرنا چاہتے ہیں، پہلا معاملہ آرمی چیف کی تقرری کا اور دوسرا انتخابات کا معاملہ ہے۔ لاہور میں یوٹیوبرز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے ہاتھ ملانے کے لیے تیار نہیں تھے، اب مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، میں نے عمران خان کو پیغام بھجوایا آرمی چیف کا تقرر ایک آئینی فریضہ ہے جو وزیرِ اعظم نے ادا کرنا ہوتا ہے، ایک پارٹی کا وزیرِ اعظم نہیں 22 کروڑ عوام کا وزیرِ اعظم ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ میثاق معیشت اور میثاق جمہوریت پر بات کر سکتا ہوں لیکن عمران خان اپنے مذموم مقاصد کے لیے مارچ کر رہے ہیں، اپنی ذاتی خواہشات کی تشکیل کیلئے پورا لشکر لے کر آگئے ہیں، ملک کے خلاف اس سے بڑی سازش نہیں ہوسکتی، پچھلے دھرنوں کے دوران چین کے صدر نے دورہ کرنا تھا اور 7 ماہ چینی صدر کا دورہ تاخیر کا شکار ہوا، آج دوبارہ عمران نیازی نے دھرنوں اور مارچ کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی آواز زور سے گونجتی ہے اور سنی جاتی ہے جبکہ میں سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کا فالوور نہیں رہا، مجھے کہا جاتا تھا کہ آپ اتنا کام کرتے ہیں اس کی تشہیر نہیں ہوتی، سوشل میڈیا کی آواز کو پوری دنیا میں سنا جاتا ہے، میں ایسی محفل میں نہیں بیٹھتا جہاں صرف تعریفیں ہوں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی عرب کے دورے میں شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کی کابینہ سے ملاقات ہوئی اور شہزادہ محمد بن سلمان نے سرمایہ کاری سے متعلق یقین دہانی کرائی، شہزادہ محمد بن سلمان دل کھول کر پاکستان کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں، سعودی عرب برادر ملک ہے ان سے اسلامی رشتہ ہے اور سعودی عرب نے اچھے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور پورا پاکستان ان کا والہانہ استقبال کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں ابھی چین جانے والا ہوں اور چین کا ہم سے دوستانہ رشتہ ہے، دونوں ممالک کی دوستی لازوال ہے، یہ تعلق 2015 میں نئی شکل اختیار کر گیا، جب نواز شریف اور چینی صدر کے درمیان اہم معاہدے ہوئے، ان معاہدوں کے تحت سی پیک کا منصوبہ سامنے آیا، وہ وقت تھا جب ملک میں 20،20 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی اور نواز شریف نے اس وقت شفاف منصوبے بنائے، چین کے ساتھ روڈ انفراسٹرکچر بنائے گئے، چین سے ہمارا رشتہ ہمالیہ سے اونچا اور سمندروں سے گہرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے ملک میں بے پناہ تباہی ہوئی، سیلاب سے سندھ اور بلوچستان زیادہ متاثر ہوئے، ہم نے متاثرین میں اب تک 70 ارب روپے تقسیم کیے اور متاثرین میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت شفاف طریقے سے امداد تقسیم کی، سیلاب سے 13 ہزار کلو میٹر سڑکیں اور 40 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں، سابق حکومت نے ملک کو دیوالیہ کر دیا تھا تاہم اقدامات کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.