وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت: تمام ترقیاتی منصوبے جنوری تک مکمل کیے جائیں، ناقص اسکیموں پر سخت کارروائی ہوگی
کوئٹہ(مسائل نیوز) عسکر انٹرنیشنل رپورٹ : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سر فراز بگٹی نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام محکمے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل جنوری تک ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ عوامی فلاحی اسکیموں کے ثمرات بروقت عام آدمی تک پہنچ سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) پر عملدرآمد سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور تمام محکموں کے سیکرٹریز شریک تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات زاہد سلیم نے جاری اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے والے محکموں کو سراہا جبکہ سست روی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کی سخت نگرانی کے لیے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم (سی ایم آئی ٹی) فیلڈ وزٹس کرے اور اس کا آغاز میرے اپنے علاقے بیکڑ سے کیا جائے۔
- Advertisement -
> “عوامی فنڈز کی ایک ایک پائی عوام کی امانت ہے، ناقص اور غیر معیاری منصوبے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے، ذمہ دار افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔”
اجلاس میں بتایا گیا کہ گرین بس منصوبے کی توسیع تیزی سے جاری ہے اور نئی بسیں اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں کراچی پہنچ جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ اکتوبر میں گرین بس اور خواتین کے لیے مخصوص پنک بس سروس کا آغاز یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو جدید سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
مزید برآں، وزیر اعلیٰ نے ورکنگ ویمن کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ کے لیے تمام مجوزہ اسکیموں کی ٹیکنیکل اپروول مئی تک مکمل کی جائے تاکہ بجٹ سازی میں تاخیر نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت کو اولین ترجیح بناتے ہوئے کسی کو عوامی وسائل لوٹنے یا ترقیاتی عمل میں غفلت برتنے کی اجازت نہیں دے گی۔