بلدیاتی حکومتوں کو زیادہ سے زیادہ اختیارات دیئے جائیں گے، صالح بھوتانی
کوئٹہ (مسائل نیوز) سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عام انتخابات میں کامیابی حاصل کریگی صوبائی حکومت اپنے کم وسائل میں بہتر نتائج فراہم کررہی ہے آئندہ انتخابات میں عوام کی تائید و منشاء سے بلوچستان عوامی پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر حکومت بنائے گی۔یہ بات انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری و پولیٹیکل سیکرٹری وزیراعلیٰ بلوچستان ملک خدابخش لانگو کی قیادت میں ملاقات کرنے والے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں شاہ زمان خان غلزئی،عبدالفتح جمالی،چوہدری شبیر احمد،ساجد جسکانی، محب ترین،شہباز کاکڑ، شائستہ خان کاسی شامل تھے۔سردارصالح بھوتانی نے کہاکہ ہماری حکومت کا یہ کارنامہ ہے کہ صوبے میں شفاف اور پرامن بلدیاتی انتخابات کرائے اوران انتخابات میں بننے والی بلدیاتی حکومتوں کوزیادہ سے زیادہ اختیارات دیئے جائیں گے تاکہ وہ بنیادی سہولیات عوام کو انکی دہلیز پر پہنچاسکیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں شدیداختلافات کی باتیں دشمنوں کی خام خیالی ہے پارٹی کے مرکزی انتخابات جلد پارٹی کے سینئر قائدین کی مشاورت سے کرائے جائیں گے تاکہ صوبہ بلوچستان میں بلکہ پورے پاکستان میں پارٹی کو منظم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
- Advertisement -