کابینہ کمیٹی کی تشکیل صرف لانگ مارچ کو انگیج کرنے کیلئے ہے
لاہور (مسائل نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا مذاکرات کی دعوت اور لانگ مارچ کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے پر ردِعمل سامنے آ گیا۔ فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ حکومت کی مذاکرات کی دعوت کی خبریں غیر سنجیدہ ہیں۔ایک طرف تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور حقیقی آزادی مارچ کی کوریج پر پابندیاں ہیں تو دوسری طرف ایک غیر سنجیدہ کمیٹی کی تشکیل کی خبریں صرف آزادی مارچ کو انگیج کرنے کیلئے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ یہ چالاکیاں نہیں چلنی،انتخاب کی تاریخ دیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے لانگ مارچ سے متعلق وفاقی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے دی،وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں 9 ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کمیٹی لانگ مارچ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سیاسی بات چیت کیلئے بنائی گئی ہے۔
- Advertisement -
اگر لانگ مارچ سے متعلق کسی نے بات چیت کرنی ہے تو کمیٹی سے کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کی کمیٹی میں ایاز صادق،خواجہ سعد رفیق،قمر زمان کائرہ،خالد مقبول صدیق،مولانا اسعد،میاں افتخار اور مریم اورنگزیب شامل ہیں۔ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیر اعظم نے کہا ہم جمہوری لوگ ہیں اور بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔
جبکہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ عمران نیازی اپنا رویہ سیاستدانوں والا رکھے تو پھر بات ہو سکتی ہے۔عمران خان عجیب آدمی ہے جو نہ سیاست کو سمجھتا ہے نہ جمہوریت کو، وہ اپنا رویہ تبدیل کرے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ آ کر بیٹھے، غیرمشروط طور پر پی ڈی ایم قیادت سے رابطہ کریں اور بیٹھ کر بات کریں۔الیکشن موجودہ اسمبلی کی آئینی مدت پوری ہونے پر ہوں گے۔رانا ثناء اللہ کے مطابق تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں 10 سے 12 ہزار لوگ شریک ہیں۔