حق دو تحریک کا اگلا ہدف منشیات سے قوم وملت کو نجات دلانا ہے،ہدایت الرحمان بلوچ
کوئٹہ (ویب ڈیسک)حق دو تحریک کے قائد مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ مکران ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں منشیات کے تدارک روک تھام ،منشیات فروشوں سے نجات ،منشیات کی وجہ سے تباہی وبربادی سے عوام کو بیدار ومنظم کریں گے حق دو تحریک کا اگلا ہدف منشیات سے قوم وملت کو نجات دلانا ہے حکومت اوران کے ادارے کیوں خواب غفلت کا شکار ہیں ہم انسانیت بچانے نکلے ہیں قوم ہمارا ساتھ دیں کوئی غیر قانونی غیر آئنی ناجائز کام نہیں کریں گے ۔
- Advertisement -
منشیات اور منشیات فروشوں کے خلاف تحریک کوانسانیت دشمنوں کے سوا سب کی حمایت حاصل ہے ۔حکومت نوجوانوں کو روزگار عوام کوان کے بنیادی حقوق نہیں دلاسکتے تو منشیات فروشوں کو کیوں فری ہینڈدیا ہے تمام ناجائز کام،ظلم وجبر انسانیت دشمنوں، حکومتی راشی آفیسرزکے آشیر باد سے ہورہا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادر پولیس اسٹیشن کے سامنے منشیات کے خلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ پولیس ،انٹی ناکوٹکس فورس واداروں کی غفلت کی وجہ سے ہمارے نوجوان ہمارامستقبل منشیات کی لت میں مبتلاہوکرتباہ وبربادہورہے ہیں
حکمران منشیات کے روک تھام کیلئے عملی اقدامات کریں بصورت دیگر انہیں ان کے قانونی فرائض بتا کرقوم کو منشیات سے نجات دلائیں گے۔منشیات کے عادی افراد کامنشیات سے روک تھام اوران کا بروقت علاج وقت کی اہم ضرور ت ہے۔منشیات فروشوں کے روک تھام کیلئے حکومت وقت کو عملی مخلصانہ اقدامات کرنا چاہیے۔ہم منشیات فروخت کرنے والوں کو مکروہ چہرہ بے نقاب کرکے ان انسانیت دشمنوں کا سوشل بائیکاٹ کریں گے ۔منشیات فروش گوادرڈویژن سمیت پورے سماج کیلئے ناسور زہر قاتل بن گیے ہیں منشیات فروش انسانیت کے دشمن ہیں ان دشمنوں کا سب ملکر مقابلہ کریں یہ ہمارے مستقبل کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں