برفباری اور بارش کا امکان! جانیں کہاں کہاں برکھا برسے گی اور کہاں برف
اسلام آباد(مسائل نیوز)ملک کے مختلف حصوں میں آج کہیں بارش جبکہ شمالی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ملک کے زیادہ تر علاقے خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے تاہم پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
اسلام آباد اور قریبی علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب لاہور، گوجرات، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور فیصل آباد سمیت مشرقی پنجاب کے شہروں میں سموگ چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
- Advertisement -
اسی طرح سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں بھی سموگ برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم ایجنسی کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے کچھ مقامات پر برفباری اور آزاد کشمیر میں ٹھنڈا اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث مشرقی پنجاب کے اضلاع میں سموگ کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے اس لیے شہری ماسک پہننے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا خیال رکھیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں ٹھنڈا رہا اور مشرقی پنجاب کے شہروں میں سموگ چھائی رہی۔