MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

عمران خان کی ہلاکت کی افواہوں اور اڈیالہ کے باہر احتجاج پر جیل حکام کی وضاحت

0 102

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

راولپنڈی (مسائل نیوز)راولپنڈی میں واقع اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان صحت مند ہیں اور جیل میں موجود ہیں۔ جیل انتظامیہ نے خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی کہیں بھی منتقلی کی افواہیں درست نہیں ہیں۔

عمران خان دو سال سے زائد عرصے سےکرپشن اور دہشت گردی کے مختلف مقدمات میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اچانک خبریں پھیلنا شروع ہوئیں کہ عمران خان جیل میں انتقال کر گئے ہیں۔

ان خبروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے میں بھارتی اور افغان میڈیا کا اہم کردار نظر آیا۔

ڈیلی کابل نیوز اور افغانستان ٹائمز نامی ‘ایکس’ اکاؤنٹس نے اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ عمران خان کو جیل میں قتل کردیا گیا ہے۔

بھارتی نیوز چینل “ٹی وی 9” نے جیل سے عمران خان کی لاش منتقل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بریکنگ نیوز چلائی۔

بھارتی حمایت یافتہ انتہا پسند گروہ “فتنۃ الہندوستان” سے وابستہ ایک اکاؤنٹ نے بھی ان افواہوں میں اپنا حصہ شامل کیا۔

پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا نے بھی ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ انہیں خدشہ ہے عمران خان کو اڈیالہ جیل سے کہیں اور منتقل کردیا گیا ہے۔

- Advertisement -

خیال رہے کہ عمران خان کی بہنیں اور بچے دعویٰ کرتے ہیں کہ سابق وزیر اعظم کو غیر انسانی حالات میں سولٹری کنفائنمنٹ (قیدِ تنہائی) میں رکھا گیا ہے اور انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، حالانکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے خاندان کو ہفتے میں دو مرتبہ ملاقات کی اجازت دی ہے۔

بدھ کو جیل کے چیک پوسٹ کے قریب پی ٹی آئی کارکنوں اور عمران خان کی بہنوں کے دھرنے کے دوران شدید ہنگامہ ہوا۔ کئی کارکن موقع پر جمع ہوئے اور احتجاج کیا۔

بعد ازاں جیل حکام اور پولیس نے علیمہ خان کو یقین دہانی کرائی کہ عمران خان سے ملاقات کا انتظام کیا جائے گا، جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔

اسی دوران جب عمران خان کی موت کی خبریں وائرل ہوئیں تو اڈیالہ جیل حکام نے ان کی تردید کی۔

جیل انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ”عمران خان کی صحت کے حوالے سے رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں۔ وہ بالکل صحت مند ہیں اور مکمل نگہداشت حاصل کر رہے ہیں۔“

خیال رہے کہ وزیرِ دفاع خواجہ آصف بھی کہہ چکے ہیں کہ عمران خان کو جیل میں سابقہ ادوار کی نسبت زیادہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ عمران خان کو ٹی وی، ورزش کا سامان، ڈبل بیڈ اور مخمل کا گدا دیا گیا ہے، اور ان کے کھانے کا معیار فائیو اسٹار ہوٹل سے بھی بہتر ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب وہ جیل میں تھے تو سرد فرش پر سوتے تھے اور جیل کا معمولی کھانا ملتا تھا۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.