پی آئی اے اور سیرین انتظامیہ کے مسائل ہمیں لکھ کر دیئے جائیں ، بابر موسیٰ خیل
کوئٹہ(ویب ڈیسک)ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابرخان موسیٰ خیل نے نجی ایئر لائنز سیرین کو کوئٹہ سے کراچی کے لئے فلائٹ آپریش شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے اور سیرین انتظامیہ کے جو مسائل ہیں ہمیں لکھ کر دیئے جائیں تاکہ ان مسائل کا حل نکال کر بلوچستان کے عوام کو بہتر سے بہتر سفری سہولیات مہیا کی جاسکیں۔ وہ گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کے موقع پر دیئے۔
- Advertisement -
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں دی گئی رولنگ کی روشنی میں گزشتہ روز پی آئی اے اور سیرین ایئر لائنز کے عملے نے اراکین بلوچستان اسمبلی کو بریفنگ دی۔ اس سلسلے میں بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت ڈپٹی سپیکر سردار بابر خان موسی خیل نے کی۔ اجلاس میں اخترحسین لانگو، ثنا اللہ بلوچ، نصراللہ خان زیرے، زابد علی ریکی، خلیل جارج،مبین خان خلجی نے شرکت کی۔
اراکین اسمبلی نے کوئٹہ سے اندرون ملک اضافی فضائی کرایوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سے دیگر شہروں کے لئے پی آئی اے اور سیرین کے کرایے زیادہ ہیں جبکہ دیگر شہروں کے کرائے کوئٹہ سے کم ہوتے ہیں انھوں نے کہا کہ یہ بڑی ناانصافی ہے۔ ممبران اسمبلی نے کہا کہ ہر روز فلائٹس منسوخ یا ڈیلے ہوتے ہیں جس سے عوام کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دوران اجلاس نصراللہ زیرے نے کہا کہ ائیر سروسز کے ایسے روئیے کے خلاف بذریعہ قرارداد ہم ان سے بائیکاٹ کرینگے۔ ہم انکے ان ہوائی پروازوں کو استعمال نہیں کرینگے اگر انکے روئیے میں تبدیلی نہیں آتی۔