عمران خان لازمی بلٹ پروف جیکٹ پہنیں، نقل و حرکت خفیہ رکھی جائے
اسلام آباد(مسائل نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے سلسلے میں پولیس کی جانب سے سیکیورٹی ایڈوائزی جاری کر دی گئی۔پی ٹی آئی قیادت کو 28 نکاتی ایڈوائزری سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا۔ڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی واثق قیوم کوہدایات تحریری طور پر دی گئیں۔پولیس نے کہا کہ وی آئی پی سیکیورٹی کے لیے ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
اعلیٰ قیادت کیلئے بلٹ پروف روسٹرم اور اسٹیج لازمی ہے،عمران خان بلٹ پروف جیکٹ بھی لازماً استعمال کریں، کسی عوامی مقام پر عمران خان گاڑی سے باہر نہ نکلیں،روایت کے برعکس عمران خان کی نقل و حرکت کو خفیہ رکھا جائے۔ سیکیورٹی افسر اورقانون نافذ کرنے والےاداروں سے رابطے میں رہ کرنقل و حرکت کی۔
وی آئی پی کی گاڑی کی پارکنگ الگ اور مخصوص ہو گی۔
- Advertisement -
اسٹیج پر شرکاء کی فہرست پہلے سے انتظامیہ کو فراہم کی جائے،فہرست کے علاوہ کوئی بھی ا سٹیج پر نہیں جا سکے گا۔جلسہ گاہ میں کوئی مسلح پرائیویٹ گارڈ نہیں ہوگا، عمران خان کسی مقام پر عوام سے ملاقات نہیں کریں گے۔جلسے میں ڈرون کیمرہ اورآتشبازی پر مکمل پابندی ہو گی، کارکنوں کو کسی عمارت کی چھت پر چڑھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لانگ مارچ راولپنڈی پہنچنے سے قبل عوام کے نام خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ۔
اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ چاہتا ہوں تمام پاکستانی 26 نومبر بروز ہفتہ راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کا حصہ بنیں، جس قوم میں انصاف ہوتا ہے اسے ہی حقیقی آزادی ملتی ہے، انصاف ہوتا ہے تو حقوق ملتے ہیں اور قوم آزاد اور خوشحال ہو جاتی ہے۔ مارچ میں شریک ہو کر قوم یہ پیغام دے کہ حقیقی آزادی کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، میں زخمی حالت میں صرف اپنی قوم کی خاطر نکل رہا ہوں، قوم ہفتے کو میرے لئے راولپنڈی پہنچے۔
اس سے قبل گزشتہ روز اپنے پیغام میں عمران خان کی جانب سے اپنے لانگ مارچ سے متعلق کہا گیا تھا کہ 12 جماعتوں کا فوج کو کنٹرول کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا، انتخابات کے جلد یا بدیر ہونے سے تحریک انصاف کو کوئی نقصان نہیں ہو گا، 26 نومبر کو پاکستان میں سیاسی کلائمیکس ہو گا۔ رجیم چینچ پر پوری ملک کا معاشی نقصان ہوا، عوام کا سیاسی نظام سے اعتبار اٹھتا جا رہا ہے، ہمیں ملک میں قانون کی حکمرانی لانا ہے۔