سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے نادرا کی خصوصی سہولت کا اعلان
اسلام آباد(مسائل نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک خصوصی سہولت کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق نادرا کی موبائل رجسٹریشن ٹیم دمام میں آج 26 اور کل 27 ستمبر (جمعہ اور ہفتہ) کو خدمات فراہم کرے گی۔
یہ ٹیم مشرقی صوبے کے علاقے تمیمی نیو کیمپ اور زہرن میں صبح 8 بجے سے دوپہر 3 بجے تک (مقامی وقت کے مطابق) موجود رہے گی۔
- Advertisement -
اس خصوصی انتظام کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانی شہری مختلف خدمات سے استفادہ کر سکیں گے جن میں نیا اسمارٹ نائکوپ جاری کروانا، اسمارٹ نائکوپ کا ری پرنٹ، ڈی یو پی کلیئرنس، نائکوپ کو اسمارٹ نائکوپ میں تبدیل کرنا، نائکوپ اور اسمارٹ نائکوپ کی منسوخی، اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) کا حصول شامل ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نادرا نے درخواست دہندگان کے لیے فیس جمع کروانے کا نیا طریقہ کار متعارف کرایا تھا جس کے تحت اب شہری اپنی فیس متعدد آسان ذرائع سے ادا کر سکتے ہیں۔
اس میں نادرا کے متعلقہ دفاتر میں براہ راست نقد ادائیگی، جاز کیش، ایزی پیسہ یا ای سہولت مراکز کے ذریعے ادائیگی اور موبائل بینکنگ ایپس کے ذریعے ڈیجیٹل کیو آر کوڈ اسکین کرکے فوری منتقلی شامل ہے۔
یہ اقدام سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے اور ضروری دستاویزات تک ان کی آسان رسائی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ وہ بلا رکاوٹ اپنی شناختی خدمات حاصل کر سکیں۔