پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج، ڈی چوک سمیت ریڈ زون سیل، ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ
اسلام آباد (مسائل نیوز) پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج، ڈی چوک سمیت ریڈ زون سیل، انتظامیہ نے ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آج ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کرے گی۔ تحریک انصاف کی جانب سے آج الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے اعلان کے باعث اسلام آباد ڈی چوک، نادرا چوک سمیت ریڈ زون میں داخلے کے راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون کے اندر کسی بھی احتجاجی مظاہرے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، سیاسی جماعتوں اور شہریوں سے اپیل ہے ریڈ زون میں احتجاج نہ کریں، پرامن احتجاج نیشنل پریس کلب یا ایف نائن پارک میں ریکارڈ کروایا جاسکتا ہے۔
- Advertisement -
ترجمان پولیس نے کہا ہےکہ ریڈ زون کے اندر کسی بھی احتجاجی مظاہرے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، امن وامان میں خلل ڈالنے یا قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ ریڈ زون کے اندر اور باہر اینٹی رائٹ فورس کے خصوصی دستے تعینات ہوں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف نے 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ آج تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے جانبداری اور بددیانتی کی انتہا کر دی ہے اور منصوبے کے تحت ابھی تک منحرف اراکین کی اسمبلی سیٹ ختم کرنے کی ڈیکلریشن نہیں کی جا رہی۔ان کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف 26 اپریل کو پورے ملک میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے چیف الیکشن کمشنر کے رویےکے خلاف احتجاج کرے گی۔فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ تمام ضلعی تنظیموں کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔