MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

بال کاٹنے اور تشدد کی شکار لڑکی کا بیان سامنے آ گیا، مرکزی ملزم گرفتار

0 55

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

راولپنڈی مسائل نیوز )گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک خاتون پر تشدد اور اس کے بال کاٹے جانے کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے ویڈیو میں نظر آنے والے ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ متاثرہ لڑکی کا ویڈیو بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔

متاثرہ خاتون نے اپنا نام ایمان بتایا ہے، اس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ڈیڑھ ماہ قبل پیش آیا تھا، اپنے بیان میں اس نے بتایا کہ ثنا نامی لڑکی اور ارمان نامی شخص اسے اس کے گھر سے لے کر مصریال روڈ، کرسچن کالونی میں واقع ایک فلیٹ میں گئے، جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس کے بال کاٹے گئے اور ویڈیو بنائی گئی۔

- Advertisement -

ایمان کے مطابق ملزمان بعد ازاں اسے بحریہ ٹاؤن میں ایک اور فلیٹ میں لے گئے، جہاں اسے مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر دھمکایا گیا اور مزید ویڈیو ریکارڈ کی گئی۔ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ اس کا کہنا تھا کہ مصریال روڈ کے مقام پر ارمان کے ساتھ درانی، مٹھو اور ایک نامعلوم شخص سمیت 4 افراد موجود تھے۔

متاثرہ لڑکی نے کہا کہ اس کی ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی، جس کا علم اسے لوگوں کے ذریعے ہوا۔ اس نے متعلقہ حکام سے ملزمان کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔اسلام آباد پولیس نے متاثرہ لڑکی کو ٹریس کر کے وقوعہ سے متعلق بیان ریکارڈ کیا۔ مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ویڈیو میں ملوث افراد کو حراست میں لیا گیا، تاہم دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ معاملہ دراصل راولپنڈی کی حدود کا ہے۔

متاثرہ خاتون اور گرفتار ملزمان کو متعلقہ پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے پر ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی اور بروقت کارروائی پر تھانہ لوہی بھیر کی پولیس ٹیم کو شاباش دی۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.