عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں اپنے بیان پر نادم ہوں
اسلام آ باد(مسائل نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں اپنے بیان پر نادم ہوں۔کانفرنس میں انسانی حقوق کی تنظیم نے نعرے لگائے،ہمارے سیاسی کارکن بھی نعرے بازی کر رہے تھے، شور بہت تھا۔میں ایک وفاقی وزیر بھی ہوں، میں سمجھتا ہوں میں نے نعروں کا جس طرح سے جواب دیا تھا وہ نامناسب تھا۔
بہتر انداز سے جواب دیا جا سکتا تھا۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے بعد سے ادارے آئینی کردار کی جانب منتقل ہو رہے ہیں جس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئیے۔ہم کسی طریقے سے کوئی غلط فہمی پیدا نہیں کرنا چاہتے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کا عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بہت اتار چڑھاؤ آیا ہے، عمران خان پہلا وزیراعظم ہے جسے عدم اعتماد کی صورت میں آئینی طریقے سے ہٹایا گیا، پی ڈی ایم نے تاریخ میں پہلی بار سلیکٹڈ وزیراعظم کو جمہوری طریقے سے گھربھیجا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزیراعظم کو جلا وطن کیا گیا، پھانسی دی گئی یا بم دھماکوں میں شہید کیا گیا، امید کرتا ہوں کہ کچھ بھی کرنا ہے وہ جمہور اور پارلیمان کے طریقے سے ہو، عمران خا ن نے حکومت چھوڑی تو پاکستان کو بہت سے مسائل میں دھکیل دیا، عمران خان پہلا وزیراعظم ہو گا جس نے معیشت پر خود کش حملہ کر کے وزارت عظمیٰ چھوڑی، پاکستان کی معیشت کو خطرہ تھا کہ ہم ڈیفالٹ کی طرف جا رہے تھے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے بچایا، قدرتی آفت کی صورت میں تاریخی سیلاب نے عوام کو ایک اور امتحان میں ڈال دیا، یہ پاکستا ن کی تاریخ میں سب سے بڑ ا سیلاب تھا، جی بی ، جنوبی خیبر پختونخوا ، جنوبی پنجاب ، بلوچستان اور سندھ تاریخی سیلاب سے متاثر ہوئے، سیلاب متاثرین مشکل میں ہیں، سیلاب نے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا۔