مجھے تو رونا آگیا! صبا قمر سے زیادتی کے کیس نمبر 9 نے مداحوں کو بھی رلادیا
لاہور(مسائل نیوز)نامور اداکارہ صبا قمر کے نئے ڈرامے کیس نمبر 9 کی پہلی قسط نشر ہوتے ہی شائقین کو اپنی گرفت میں لے لیا۔
یہ ڈرامہ جیو ٹی وی پر پیش کیا جا رہا ہے جس کی تحریر معروف اینکر شاہزیب خانزادہ نے کی ہے جبکہ ہدایتکاری کے فرائض سید وجاہت حسین نے انجام دیے ہیں، جو اس سے قبل خائی اور خدا اور محبت 3 جیسے کامیاب ڈراموں کی ہدایت دے چکے ہیں۔
ڈرامے کا سب سے بڑا امتیاز اس کی شاندار کاسٹ ہے جس میں صبا قمر، فیصل قریشی، جنید خان، نوین وقار، امینہ شیخ، حنا بیات خواجہ اور نور الحسن جیسے بڑے نام شامل ہیں۔
گزشتہ رات نشر ہونے والی پہلی قسط نے اپنی جاندار کہانی اور کرداروں کی حقیقی عکاسی کے باعث ناظرین کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔
- Advertisement -
کہانی ایک ریپ کیس کے گرد گھومتی ہے جس میں صبا قمر نے ایک متاثرہ لڑکی سحر کا کردار ادا کیا ہے جو انصاف کے لیے لڑتی ہے۔
فیصل قریشی نے ایک ایسے سفاک شخص کا کردار بخوبی نبھایا جسے اپنے جرم پر کوئی ندامت نہیں۔ دوسری جانب جنید خان ہے جو واقعے کا چشم دید گواہ ہے اور اپنے قریبی دوست کے جرم کو چھپانے کی کوشش کرتا ہے۔
ناظرین کے مطابق صبا قمر نے اپنے کردار میں کمال مہارت دکھائی اور ان کے نازک اور جذباتی مناظر نے ہر دیکھنے والے کو متاثر کیا۔
فیصل قریشی کی جاندار اداکاری اور جنید خان کی بھرپور کارکردگی نے ڈرامے کو مزید حقیقت سے قریب تر بنا دیا۔
اس ڈرامے کی پہلی قسط نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ آنے والی اقساط میں ناظرین کو ایک سنسنی خیز اور بامقصد کہانی دیکھنے کو ملے گی جو معاشرتی مسائل پر گہری روشنی ڈالے گی۔