اسلام آباد (مسائل نیوز) وزیر داخلہ راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ لاہور پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کے گھر بارود خانہ ثبوت ہے کہ عمران نیازی سیاست نہیں کررہا، دہشت گردی پر اتر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خونی انقلاب منسوخ کردے۔ آئین، قانون اور امن کا راستہ اپنائے اور پختونخوا حکومت کے سرکاری وسائل اور سرکاری مشینری کو اپنے فساد کے لئے استعمال نہ کرے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ کوئی پُرامن سیاسی کاررواں نہیں بلکہ مسلح لشکر کشی ہے۔ معیشت کی بنیادوں میں بارود بھرنے والوں کو امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔ قانون پر سختی سے عمل ہوگا، اسے پکڑے گا جو قانون ہاتھ میں لے گا۔ پونے 4 سال قوم کو وعدوں کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے والے اب بتی چوک کی آوازیں لگارہے ہیں۔
- Advertisement -
خیال رہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سہیل چودھری نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہمارے پاس اطلاعات تھی کہ بھاری تعداد میں اسلحہ لاہور لایا جا رہا ہے، کل رات موٹروے کے قریب گاڑیوں کا تعاقب کیا گیا جن میں اسلحہ تھا، گاڑیاں ایک نجی سوسائٹی میں جاکر بجاش نیازی کے گھر رکیں۔
پولیس پہنچی تو ملزمان فرار ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے گاڑیوں کی تلاشی لی تو بڑی تعداد میں اسلحہ ملا، یہ اسلحہ لانگ مارچ کیلئے استعمال ہونا تھا، فرار ملزموں کو جلد پکڑ لیں گے۔ رپورٹس کے مطابق برآمد شدہ اسلحے میں 13 ایس ایم جی رائفل، درجنوں پستول اور سیکڑوں گولیاں شامل ہیں۔ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما بجاش نیازی اور زبیر نیازی کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے اسلحہ برآمد ہوا تاہم اس دوران کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداروں کی گاڑیوں سے اسلحہ برآمدگی کا دعویٰ کرتے ہوئے اسلحے کی تصاویر شیئر کردیں۔مریم نوازنےٹوئٹر پر تصاویر جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی عہدیداروں زبیر نیازی اوربجاش نیازی کی گاڑیوں سےاسلحہ برآمد ہوا ہے جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نام نہاد لانگ مارچ کا گندا چہرہ ہے اور یہ ان کے ارادے ہیں۔