بلوچستان حکومت بارکھان واقعے کے مجرموں کو کٹہرے میں لاکر اصل محرکات سامنے لائے، قادر بلوچ
خاران (مسائل نیوز)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق گورنر بلوچستان و سابق وفاقی وزیر جنرل ر عبدالقادر بلوچ نے بارکھان واقعہ میں خاتون سمیت تین افراد کے قتل کی شدید اور سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے بارکھان میں پیش آنے والا دل خراش واقعہ قبائلی، سماجی،اسلامی روایات اور انسانیت کی خلاف ورزی ہے واقع کی تحقیقات کے لئے غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور ذمہ داروں کا تعین کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور صوبائی حکومت یقین دہانی کروائیں کہ مظلوم خاندان کے ساتھ مکمل انصاف ہوگا کیوں کہ یہ واقعہ مذہب، قانون اور رواج کے منافی عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارکھان واقعہ کی تحقیقات کے لئے صاف شفاف اور غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے اور جو بھی اس میں ملوث ہے اسے سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اور بلوچستان ہائی کورٹ سے مطالبہ کیا اس واقع کا نوٹس لیکر تحقیقات کروائیں، اس واقع میں جو بھی ملوث ہے اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے کیوں ایسا دل خراش واقعہ بلوچ پشتون اور اسلامی روایات کے منافی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ بارکھان جیسے واقعات کی دوبارہ رونما نہ ہونے کے لئے بلوچستان حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس واقع میں ملوث مجرموں کا تعین کرے اور مجروموں کو انصاف کٹہرے میں لا کر بارکھان واقع کے اصل محرکات سامنے لائے۔