کوئٹہ(ویب ڈیسک) چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا سے پیر کے روز احتجاج پر بیٹھے مکران،خضدار اور لورالائی میڈیکل کالجز کے طلبا وطالبات کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ممبر پاکستان میڈیکل کمیشن پروفیسر ڈاکٹر غلام رسول، مکران، خضدار اور لورالائی میڈیکل کالجز کے پرنسپلز اور طلبا وطالبات کے والدین بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے میڈیکل کالجز کے طلبا وطالبات سے پی ایم سی کے مجوزہ ٹیسٹ سے متعلق ان کے تحفظات سنے۔
- Advertisement -
طلبا وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ تمام اسٹوڈنٹس صوبے کا مستقبل ہیں اور ہم سب کو اپنا مستقبل بہت عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ طلبا وطالبات کے ساتھ کسی بھی قسم کی امتیازی سلوک ہونے نہیں دیا جائے گا، انہوں طلبا وطالبات کو یقین دلایا کہ حکومت ہر سطح پر میڈیا اسٹوڈنٹس کے جائز حقوق کا دفاع کریگی اور ہر فورم پر ان کے لئے آواز اٹھائے گی،
تاہم انہوں نے طلبا وطالبات سے اپیل کی کہ وہ اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں اور کسی بھی طرح احتجاج کی آڑ میں اپنی تدریسی سلسلے کو منقطع نہ ہونے دے۔ چیف سیکرٹری نے طلبا کے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تحفظات کو پی ایم سی سامنے رکھا جائے گا اور ان کی حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی، جس پر طلبا وطالبات کی وفد نے چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا۔