صدر عارف علوی سے عمران خان کی ملاقات کا امکان
اسلام آباد(مسائل نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقات کا امکان ہے۔اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا آج ہی دورہ لاہور کا امکان ہے۔صدر عارف علوی کی آج ہی عمران خان سے ملاقات کا امکان ہے۔صدر مملکت ملاقات کے دوران تعیناتیوں سے متعلق اہم مشاورت کریں گے۔
یہاں واضح رہے کہ لیفٹننٹ جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف مقرر کر دیا گیا۔وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹنٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور لیفٹنٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس بابت سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ایڈوائس صدر علوی کے پاس چلی گئی ہے۔اب عمران خان کا امتحان ہے وہ دفاع وطن کے ادارے کو مضبوط بنانا چاہتا ہے یا متنازعہ۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ صدر علوی کی بھی آزمائش ہے کے وہ سیاسی ایڈوائس پر عمل کریں گے یا آئینی وقانونی ایڈوائس پہ، بحیثیت افواج کے سپریم کمانڈر ادارے کو سیاسی تنازعات سے محفوظ رکھنا ان کا فرض ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ قانون اور آئین کے تحت سارے معاملات طے پائیں گے،آئینی ادارے کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے۔ خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امید ہے صدر مملکت کوئی تنازع کھڑا نہیں کریں گے اور یہ بھی امید کرتے ہیں کہ صدر مملکت آئینی تعیناتی کو سیاسی نہیں کریں گے۔ پوری امید ہے کہ صدر مملکت عارف علوی اسے سیاسی نقطہ نظر سے نہیں دیکھیں گے۔آئین اور میرٹ کے تحت تعیناتی کی جا رہی ہے،صدر سپریم لیڈر ہیں،انہیں اداروں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔ یہ ایک مقدس فریضہ ہے اور صدر عارف علوی اسے بخوبی نبھائیں گے،یہ ایڈوائس وزیر اعظم کی ہے،کسی اور کی نہیں۔