سیوریج کے زہریلے پانی سے سبزیوں کی کاشت کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی،بلوچستان فوڈ اتھارٹی
کوئٹہ(مسائل نیوز)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں وحدت کالونی، عیسیٰ نگری، کلی ابراہیم زئی اور اسپنی روڈ گردونواح میں سیوریج کے پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے وسیع اراضی پر زیر کاشت متعدد خوردنی فصلیں تلف کردیں۔ واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے گندے پانی سے کاشت کی گئی سبزیوں کو مختلف مراحل میں تلف کیا جا رہا ہے، بی ایف اے کی مسلسل جاری کارروائیوں کے دوران اس سے قبل مختلف علاقوں میں پیاز، دھنیا، گوبھی پودینہ اور سلاد کی فصلیں تلف کی گئیں جنہیں سیوریج کے آلودہ پانی سے سیراب کیا گیا تھا۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم جو خود تمام تر کاروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ سیوریج کے زہریلے پانی سے سبزیوں کی کاشت کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، سیوریج کے پانی سے فصلوں کی تیاری کے تدارک اور کھیتوں کی سیرابی کے عمل کو روکنے کے لئے بی ایف اے کی کارروائیوں کو دیگر علاقوں تک وسعت دیکر مختلف مراحل میں جاری رکھا جائے گا، بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت کی بلا امتیاز حوصلہ شکنی کا عمل آئندہ بھی جاری رہے گا جبکہ اس سلسلے میں تلف کیے گئے کھیتوں پر دوبارہ سیوریج کے زہریلے پانی سے مضر صحت سبزیاں اگانے کے ذمہ دار افراد کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔