ڈیرہ اسماعیل خان ؛ ایف آئی اے کا ایکشن ‘ ہزاروں جعلی فنگر پرنٹس برآمد کر لیے
ڈیرہ اسماعیل خان(مسائل نیوز)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے ربڑ کے انگوٹھے بنانے والے گروہ کے خلاف ایکشن لیا اور ہزاروں جعلی فنگر پرنٹس برآمد کر لیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے ربڑ کے انگوٹھے بنانے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 ہزار سے زائد جعلی فنگر پرنٹس اور ڈیوائسز برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا ، ملزم کے قبضے سے لیپ ٹاپ ، موبائل فون اور دیگر آلات کے علاوہ بڑی تعداد میں جعلی موبائل سمیں بھی برآمد ہوئیں۔
علاوہ ازیں ایف آئی اے نے جعلی سوشل میڈیا پوسٹیں شئیر کرنے والوں کیخلاف ایکشن کا فیصلہ کرلیا، سائبر کرائم کو کنٹرول کرنا پہلی ترجیح ہوگی، شہریوں کے وقار کو مجروع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
- Advertisement -
ہم نیوز کے مطابق نئے ڈی جی ایف آئی اے محمد طاہر رائے نے چارج سنبھال لیا ہے، ایف آئی اے کے سینئر افسران نے نئے ڈی جی کا استقبال کیا۔ ڈی جی ایف آئی اے محمد طاہر رائے نے کہا کہ ایمانداری ہی بہترین حکمت عملی ہے اس پر عملدرامد کیا جائے گا، پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا ہے، سائبر کرائم کو کنٹرول کرنا پہلی ترجیح ہوگی، کسی کو بھی شہریوں کے وقار کو مجروع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ جعلی سوشل میڈیا پوسٹیں شئیر کرنے والوں کیخلاف ایکشن لیا جائے گا، عالمی برادری میں پاکستان کے وقار کو بحال کیا جائے گا، تفتیشی افسران اور سینئر افسران کی ٹریننگ کرائی جائے گی۔ دوسری طرف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی طرف سے سوشل میڈیا پر مہم چلانے پر 4 ہزار ٹرینڈ سیٹر اور یوزر اکاؤنٹس بند کرنے کے لیے پی ٹی اے کو مراسلہ بھیج دیا گیا ہے ، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اپنے مراسلے میں پی ٹی اے کو بھیجی گئی تفصیلات کے ساتھ تصاویر بھی بھجوائی ہیں۔