عالمی قوتیں ہمارے خطے میں قومیتوں کے نام پر نئے جغرافیائی نقشے وضع کرنا چاہتی ہیں، مولانا شیرانی
کوئٹہ (مسائل نیوز) جے یو آئی پاکستان کے مرکزی قائد مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ جمہوریت اور انتخابات ہماری نہیں بلکہ مغربی دنیا ہماری اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی لیڈروں کی ضرورت ہے مغربی دنیا نے اپنے فکری بنیاد پر جو ذاتی کردار اپنے آپ کیلئے پسند کیا ہے جس کو وہ تہذیب کہتے ہیں اور اجتماعی روابط اور نظم کیلئے جو اصول اور رسم و رواج وضع کئے ہیں جن کو وہ ثقافت کہتے ہیں جمہوریت کے نعرے اکثریت کے بہانے اور قانون کے لبادے میں خدا پرست دنیا پر وہ اپنے اس ثقافت اور تہذیب کو مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں حاجی ظہور احمد کی قیادت میں درجنوں افراد کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقد ہونے والے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہماری اسٹیبلشمنٹ مغربی دنیا کی مفادات کا محافظ اور ان کے مقاصد کا وکیل ہے اپنے اس کردار کے اوپر پردہ ڈالنے کیلئے وہ الیکشن کا سہارا لیتی ہے تیسرے درجے میں انتخابات ان خود غرض لیڈروں کی ضرورت ہے جو منصب اور دولت کے حرص میں مبتلا ہیں انتخابات کے وجہ سے ہی بھائی بھائی کے ساتھ اور قبیلہ قبیلے کے ساتھ دست وگریبان ہوجاتاہے بلوچستان میں قبائلی دشمنیوں کی شکل میں آپس کی طویل خونریزیوں کا سب سے اہم سبب مروجہ انتخابات ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خیر خواہی اور قومیتوں کی باتیں دو مختلف چیزیں ہیں قومیتوں کے سوال سے تفریق اور انجام میں مشکلات پیدا ہوتی ہیں انتشار بدامنی اور جنگ وجدل صرف پشتونوں کا نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پوری مسلم دنیا کا مسئلہ ہے، عراق یمن لیبیا اور مصر میں تو پشتون نہیں رہتے مگر آج لیبیا میں عملاً قومی اتھارٹی ختم ہوچکی ہے جبکہ یمن کو شمالی اور جنوبی میں تقسیم کرنے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، بنیادی منصوبہ یہ ہے کہ اپنے آپ کو دنیا کے اجارہ دار سمجھنے والی قوتیں مشرق وسطی میں مذہبی بنیاد جبکہ ہمارے خطے میں قومیتوں کے نام پر نئے جغرافیائی نقشے وضع کرنا چاہتے ہیں، مذہبی لوگوں کو خلافت و شریعت اور قوم پرستی کی ذہنیت رکھنے والے نوجوانوں کو آزادی اور ترقی کے نام پر استعمال کیا جاتا ہے نوجوان قومیت اور مذہب کی بنیاد پر ہر قسم کی فساد اور فتنوں سے اپنے آپ کو دور رکھیں شمولیتی پروگرام سے جے یو آئی پاکستان کے صوبائی مرابط مولانا عبدالمالک ضلعی امیر حاجی امین اللہ امین حاجی عبدالصادق نورزئی مفتی ظہور احمد و دیگر نے خطاب کیا آخر میں حاجی ظہور احمد نے شرکا مجلس کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا۔
- Advertisement -