اسلام آباد (مسائل نیوز) بینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 14 دسمبر تک توسیع کر دی۔عدالت نے عمران خان اور فیصل مقبول کی طبی بنیادوں پر استثنٰی کی درخواست منظور کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بینکنگ کورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ اورفارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،پراسکیوٹر رضوان عباسی عدالت پیش ہوئے۔
عمران خان کے وکیل کی جانب سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی۔عمران خان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف پہلے بھی عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں،عمران خان خرابی صحت کی وجہ سے آج پیش نہیں ہو سکے،وکیل نے استدعا کی کہ عمران خان کو آج کی حاضری سے استثنٰی دیا جائے۔
عدالت نے عمران خان اور فیصل مقبول کی طبی بنیادوں پر استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 14 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔
- Advertisement -
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی فارن فنڈنگ اور دہشت گردی کے مقدمات میں ضمانت میں توسیع کی گئی۔فارنگ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت بینکنگ کورٹ اسلام آباد کی جج رخشندہ شاہین نے کی،جہاں عمران خان کے وکلا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی جسے عدالت نے منظور کیا اور بینکنگ کورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کی گئی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،تھانہ ترنول میں عمران خان کے خلاف درج دہشتگردی کے مقدمے کی سماعت میں عمران خان کے وکیل انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کی عدالت میں پیش ہوئے۔