پی ٹی آئی کے44 اراکین کا اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ
اسلام آباد(مسائل نیوز) پی ٹی آئی کے 44 ارکان اسمبلی نے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کر لیا،پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ پہنچے تو پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ بند کر دیا گیا۔ ارکان نے اسپیکر ہاؤس جانے کی بھی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی قومی اسمبلی پہنچے تو پارلیمنٹ ہاؤس کا گیٹ بند کر دیا،پی ٹی آئی ارکان نے اسپیکر کی رہائش گاہ جانے کی کوشش لیکن وہاں جانے سے بھی روک دیا گیا۔
پی ٹی آئی ارکان اسمبلی احتجاج کرتے ہوئے منسٹر انکلیو کے باہر بیٹھ گئے،پارلیمان میں اسپیکر کی عدم دستیابی پر ارکان اسپیکر ہاؤس پہنچے۔منسٹر انکلیو کے باہر خواتین پولیس اہلکاروں سمیت پولیس کی بھارتی نفری تعینات ہے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ ہم 45 ارکان اسمبلی عمران خان کی ہدایت پر قومی اسمبلی آئے تھے،ہم جعلی اپوزیشن لیڈر کو ہٹانے آئے۔
امپورٹڈ حکومت نے چار دن کے لیے پارلیمنٹ بند کردی،اسپیکر یا سیکریٹری اسمبلی ہمیں ملے تاکہ اپنے استعفے واپس لیں،ہم نے استعفے واپس لینے کی ای میل بھی کی۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری جانب سے اپوزیشن لیڈر بنانا ناگزیر ہے،ہم اسپیکر قومی اسمبلی کی رہائشگاہ جائیں گے۔چیف الیکشن کمشنر کو استعفے واپس لینے کے فیصلے سے آگاہ کریں گے،44 اراکین نے استعفے واپس لے لیے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین کے استعفے منظور کئے گئے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین کے استعفے منظور کئے۔ملیکہ بخاری،عندلیب عباس،حیدر علی خان،عامر کیانی،محبوب شاہ،خسرو بختیار اور فخر امام کے استعفے منظور کیے گئے ہیں،بشیر خان،کرامت علی کھوکر اور عاصمہ قدیر کے استعفے بھی منظور کئے گئے دیگر ارکان جن کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں سلیم رحمان،صاحبزادہ صبغت اللہ،شیر اکبر خان ،علی خان جدون اور مجاہد علی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے عثمان ترکئی اور ارباب عامر ایوب کے استعفے بھی منظور کئے گئے۔ جبکہ اس سے پہلے بھی پی ٹی آئی کے 34 ارکان قومی اسمبلی اور شیخ رشید کے استعفے منظور کیے گئے تھے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جنہوں نے مجھے اطمینان کرایا ان کے استعفے منظور کیے۔